تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے ،حکومت اس آئینی ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، موجودہ داخلہ مہم کے تحت اسلام آباد کے بارہ ہزار سے زائد بچوں کو اسکولوں میں داخل کیا جائیگا

وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا آؤٹ آف سکول بچوں کی داخلہ مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 1 اپریل 2016 19:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اپریل۔2016ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ تعلیم ہر بچہ کا بنیادی حق ہے اور موجود حکومت اس آئینی ذمہ داری کے تکمیل کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں اسلام آبادکے اسکولوں سے باہر بچوں کو اسکولوں میں داخلہ کی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اس طرح کی مہم ملک کے چپہ چپہ میں شروع کی جانی چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم دلائی جاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسے بچے جن کے والدین بچوں کو اسکول نہیں بھیج رہے اُن کے لیے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان کیا جائیگا۔ تاکہ اِن بچوں کی تعلیم جاری رہے اور اُن کو کوئی اور کا م کرنے کی ضرورت نہ پیش آئے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے زور دیا کہ ہمیں چائلڈ لیبر کے حوالے سے مروجہ قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔

تاکہ محنت مزودوری کرنے والے بچوں کو اسکول میں لایا جاسکے۔وزیر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد کے تقریباََ بارہ ہزار سے زائد بچوں کو اس مہم کے تحت اسکولوں میں داخل کیا جائیگا یہ داخلہ مہم ایک ما ہ تک جاری رہے گی۔ اُنہوں نے بچوں کے والدین اور سماجی شعبہ میں کام کرنے والی این جی اوز سے بھی اپیل کی کہ انسانی خیر خواہی کے اس کام میں حکومت کا ساتھ دیں او ربچوں کو اسکول لانے میں تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :