دہشتگردی سے متاثرہ سویلین کو ریلیف ،بحالی کیلئے آرڈیننس کو باقاعدہ قانون کی شکل دینے کیلئے ایوان میں پیش کر دیا گیا

جمعہ 1 اپریل 2016 18:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء) پنجاب حکومت نے دہشتگردی سے متاثرہ سویلین کو ریلیف اور ان کی بحالی کیلئے آرڈیننس کو باقاعدہ قانون کی شکل دینے کیلئے ایوان میں پیش کر دیا ۔مسودے کے مطابق متاثرہ سویلین سے مراد دہشتگردی یا قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کا حاضر ڈیوٹی ملازم نہ ہو جس کا دہشتگردی کے اقدام سے جسمانی ذہنی یا پراپرٹی کانقصان ہوا ہوا۔

آرڈیننس کے مسودے میں دہشتگردی سے متاثرہ سویلین کو ریلیف اور ان کی بحالی کے لئے سات طر ح کے اقدامات تجویز کیے گئے جس میں دہشتگردی میں زخمی ہونے کی صورت میں مفت علاج معالجے کی سہولت کے علاوہ موت کی صورت میں دس لاکھ روپے ،تکلیف دہ زخم جس میں کوئی عضو کٹ گیا ہو یاناکارہ ہو گیا اس کی مد میں پانچ لاکھ روپے ، گہرا زخم جس کی بناء پر دو ہفتوں سے زائد کام کرنے کے قابل نہ ہو کی صورت میں ایک لاکھ روپے امداد دینے کا ذکر ہے ۔

(جاری ہے)

دہشتگردی کی صورت میں بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ پر رہائش کو نقصان کی مکمل تباہی کی صورت میں مکمل تباہی کی صورت میں پانچ لاکھ روپے ، جزوی نقصان کی صورت میں ایک لاکھ روپے ، دکان ، کیاسک یا کوئی دیگر کاروباری ادارے کو مکمل تباہی کی صورت میں پانچ لاکھ روپے اور جزوی نقصان کی صورت میں ایک لاکھ روپے بطور امداد رکھے گئے ہیں ۔ موٹر وہیکل ایگزمینر کی رپورٹ پر بس ،ٹرک یا کوئی دیگر ہیوی وہیکل کوشدید نقصان کی صورت میں پانچ لاکھ روپے ، معمولی نقصا ن پر اسی ہزار روپے ۔

کار جیب یا کوئی دیگر چار یا تین پہیوں والی گاڑیوں کو نقصان کی صورت میں شدید نقصان کی صورت میں دو لاکھ روپے او ر معمولی نقصان پر چالیس ہزار روپے جبکہ موٹر سائیکل یا سکور کا شدید نقصان پر بیس ہزار روپے ازالہ کے لئے تھے ۔ لائیو سٹاک کے نقصان کی صورت میں محکمہ لائیو ستاک کی رپورٹ پر ہر بھینس ، گائے بیل گھوڑے یا گدھے کی صورت میں پچاس ہزار روپے ہر بھیڑ یا بکری کی صورت میں دس ہزار روپے رکھے گئے تھے۔ اسپیکر رانا محمد اقبال نے گزشتہ روز ایوان میں پیش کئے جانے والے آرڈیننس کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر کے دو ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کے احکامات دئیے ۔