وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے قومی داخلہ مہم ”چلو سکول“ کا باقاعدہ افتتاح کردیا

جمعہ 1 اپریل 2016 18:44

اسلام آباد ۔ یکم اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے قومی داخلہ مہم ”چلو سکول“ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ انہوں نے اس مہم کا افتتاح نارروال کے ایک سرکاری سکول سے کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ قومی داخلہ مہم کے تحت پانچ سے نو سال کی عمر کے بچوں کا سکولوں میں داخلہ کرایا جائے گا۔

تمام صوبائی حکومتیں ماہ اپریل کے دوران بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کریں گی۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ آج کا دور علم تعلیم اور تحقیق کا دور ہے اور ہماری بدحالی کی بڑی وجہ تعلیم سے دوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ باوقار اور خودمختار پاکستان کے لئے ہر بچے کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا۔ احسن اقبال نے کہا کہ جس قوم کی صفوں میں جہالت ہوتی ہے وہ خود اپنے خلاف سازش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے معاشرتی ناہمواری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہے جہاں زیادہ بچے اسکولوں سے باہر ہیں تاہم موجودہ حکومت تعلیم کے فروغ کے لئے پرعزم ہے اور قومی داخلہ مہم اسی کا حصہ ہے۔

متعلقہ عنوان :