چین نے مسعود اظہر کے خلاف بھارتی درخواست کو مسترد کرکے اچھا نہیں کیا،وزیر مملکت برائے خارجہ کرن رججو

جمعہ 1 اپریل 2016 18:31

چین نے مسعود اظہر کے خلاف بھارتی درخواست کو مسترد کرکے اچھا نہیں کیا،وزیر ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اپریل۔2016ء) بھارتی وزیرمملکت برائے امورخارجہ کرن رججو نے اقوام متحدہ میں مسعود اظہر کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی بھارتی درخواست کی مخالفت کرنے پر چین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس سلسلے میں مناسب کارروائی کرے۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیرمملکت برائے امورخارجہ کرن رججو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین نے اقوام متحدہ میں مسعود اظہر کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی بھارتی درخواست کی مخالفت کرکے اچھا کام نہیں کیا۔

وزارت خارجہ اس سلسلے میں مناسب کارروائی کرے گی ۔انھوں نے کہاکہ جو بھی کارروائی ضروری ہوا ہم کریں گے۔اس سے قبل اقوام متحدہ میں کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کا نام دہشت گروں کی فہرست میں شامل کرنے کی بھارتی درخواست کو چین نے ایک بار پھر مسترد کردیا تھا۔

(جاری ہے)

بھارتی اخبار’’ ٹائمز آف انڈیا ‘‘کی رپورٹ میں اقوام متحدہ کے اہم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ درخواست کی ڈیڈلائن سے محض چند گھنٹوں قبل چین نے اقوام متحدہ کی کمیٹی میں بھارتی درخواست کو ویٹو کردیا۔

واضح رہے کہ رواں سال 2 جنوری کو پٹھان کوٹ حملے کے بعد بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے فروری میں اقوام متحدہ کی کمیٹی کو مسعود اظہر کا نام دہشت گروں کی فہرست میں شامل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق بھارتی نے درخواست کے ساتھ جیش محمد اور مسعود اظہر کے پٹھان کوٹ ایئربیس حملے میں ملوث ہونے کے مبینہ شواہد بھی پیش کیے تھے۔بھارت نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ مسعود اظہر کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں نہ ڈالے جانے تک جنوبی ایشیائی ممالک کو اس دہشت گرد گروپ سے خطرہ رہے گا۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے جیش محمد کو 2001 میں کالعدم قرار دیا گیا تھا، تاہم ممبئی حملوں کے بعد بھی چین مولانا مسعود اظہر کا نام اقوام متحدہ کی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی بھارتی قرارداد کو ویٹو کرچکا ہے۔