پیشگی انٹیلی جنس رپورٹ کے باوجود دہشت گردی کے واقعات کو نہ روکنا حکومت کی ناکامی ہے، مفتی عبدالقادر جعفر

جمعہ 1 اپریل 2016 17:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء)اسلامی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام سندھ بھر میں جمعتہ المبارک کے روز سانحہ لاہور کے خلاف یوم مذمت کے طور پر منایاگیا۔ اس موقع پر سندھ بھر کی مساجدوں میں علماء کرام نے دہشت گردی کے خلاف خطبات دیئے ۔ اسلامی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنماء صاحبزادہ سعید الرشید عباسی نے اسلامی یکجہتی کونسل کے ہیڈکوارٹر جامع عثمان بن عبداﷲ میں نماز جمعہ کے خطبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد سانحہ لاہور نے پاکستانی عوام کو افسردہ کردیا ،آئے روز دہشت گردی کے واقعات قابل مذمت اور قابل گرفت ہے وفاقی اور صوبائی حکومت بند ربانٹ میں لگی ہوئی ہے اور وطن عزیز اور عوام کو بے یارومددگار چھوڑ ہوا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ حکمران سیدنا ابوبکر صدیق ؓ کی زندگی کو مشعل راہ بنائیں کامیابی اُن کا مقدر ہوگی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مفتی عبدالقادر جعفرنے جامع مسجد ابوبکر صدیق ؓلانڈھی میں اور علامہ قاری سجاد تنولی نے قائد آباد جامع مسجد عثمان میں جمعہ کے خطبہ سے خطبات کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو انٹیلی جنس رپورٹ کی طرف سے پیشگی رپورٹ ملنے کے باوجود باوجود دہشت گردی کے واقعات کا رونما ہونا حکومت کی ناکامی صاف ظاہر ہے حکومت صرف بیان بازی نہ کرے بلکہ دہشت گردی کے خلاف عملی اقدامات اُٹھائے ۔

اُنہوں نے کہاکہ سانحہ رونما ہونے کے فوری بعد جنرل راحیل شریف نے اجلاس بلاکر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کاحکم صادرفرماکر پاکستانی عوام کے دل جیت لئے اور انشاء اﷲ وطن عزیز سے دہشت گردی جیسی لعنت کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکے گے ۔اُنہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان میں دہشت گردی پھیلاکر ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم پاک فوج کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف لڑنے کے لئے تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر اسلامی یکجہتی کونسل کا ہر کارکن پاک فوج کے شانہ بشانہ ملک کی سلامتی کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گا ۔

جمعتہ المبارک کو اسلامی یکجہتی کونسل کے علامہ نورالرحمن رحمانی ،علامہ روشن دین راشدای ودیگر علماء کرام نے سانحہ لاہور کے خلاف یوم مذمت کے طور پرمنایا اور مساجدوں میں ملک کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔