قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کی نیشنل ٹیسٹنگ سروس کو امیدواروں کے لئے ٹیسٹ فیس کم کرنے کی ہدایت

جمعہ 1 اپریل 2016 17:16

اسلام آباد ۔ یکم اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم اپریل۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کو امیدواروں کے لئے ٹیسٹ فیس کم کرنے کی ہدایت کر دی۔ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو چیئرمین چوہدری طارق چیمہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں این ٹی ایس کے امور اور پاکستان انجینئرنگ کونسل (ترمیمی) بل 2016ء پر بحث کی گئی۔

کمیٹی نے قرار دیا کہ ملک بھر میں آپریٹ کرنے والے مختلف پرائیویٹ ٹیسٹنگ سروس کے اداروں کے امور کو ریگولیٹ کرنے کے لئے کوئی ریگولیٹری باڈی موجود نہیں۔ کمیٹی نے ان اداروں کی شفافیت اور بہتر کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے ریگولیٹری باڈی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی۔ کمیٹی نے این ٹی ایس کو مختلف سرکاری محکموں میں بھرتی کے لئے امتحانات کے نتائج اسی روز جاری کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے تجویز پیش کی کہ امیدواروں سے ایک ٹیسٹ کے لئے ایک بار فیس لینا چاہئے۔ این ٹی ایس حکام نے کمیٹی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے پاس تین لاکھ سے زائد امیدواروں سے ٹیسٹ لینے اور خودکار نظام کے تحت ایک یوم میں نتائج مرتب کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران 33 ہزار سرکاری آسامیوں کے لئے 7 لاکھ امیدواروں سے ٹیسٹ لئے گئے۔ حالیہ این ٹی ایس پانچ رکنی بورڈ آف ڈائریکٹرز پر مشتمل ہے۔ 8 دیگر غیر منافع بخش کمپنیاں ہیں جن کا مقصد بھرتیوں کے لئے ٹیسٹ سسٹم میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔