ن لیگ لاہور کو محفوظ نہیں رکھ سکی پورے ملک کو کیسے محفوظ رکھے گی ،افتخار محمد چوہدری

جمعہ 1 اپریل 2016 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم اپریل۔2016ء) جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ ایک فون کال پر پٹھانکوٹ واقعہ کا مقدمہ پاکستان میں درج کرنے والی مسلم لیگ(ن) کی حکومت لاہور کو محفوظ نہیں رکھ سکتی تو پاکستان کو کیسے محفوظ رکھے گی حکومت اگر ذمہ داریاں نہیں نبھا سکتی تو گھر چلی جائے ۔ رینجرز اور نیب کا پنجاب میں آپریشن پہلے شروع ہونا چاہئے تھا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز لاہور کے جناح ہسپتال میں زیر علاج سانحہ گلشن اقبال پارک کے زخمیوں کی عیادت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ گلشن اقبال پارک میں معصوم بچوں اور خواتین پر درندہ صفت دشمن نے حملہ کرکے بزلی کا ثبوت دیا ہے مسلم لیگ(ن) حکومت نے لاہور پر اربوں روپے خرچ کر دیئے مگر لاہور کے شہریوں کی جان و مال کو محفوظ نہیں بنا سکی ،لاہور کے پبلک پارک میں دھماکے سے ظاہر ہوتا ہے کہ جب حکومت لاہور کی محفوظ نہیں بنا سکتی تو پورے پاکستان کو کیا محفوظ رکھ سکتی ہے انہوں نے کہا کہ جو حکومت ایک فون کال پر پٹھانکوٹ واقعے میں ملوث ہونے کے شبہ میں اپنے ہی شہریوں پر مقدمہ درج کر لیا پنجاب میں سیکورٹی اداروں کے ساتھ رینجرز اور نیب کو پہلے ہی آپریشن شروع کر دینا چاہئے تھا رینجرز نے سندھ میں بھی بہت اچھی کارروائیاں کیں جو قابل ستائش ہیں ۔

(جاری ہے)

افتخار محمد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ دشمن ملک کی خفیہ ایجنسی ”را“ کا ایجنٹ پکڑنا بڑی کامیابی ہے مگر ایجنٹ کی گرفتاری کے بعد حکومت کا اچھا ریسپانس سامنے نہیں آیا حکومت اگر اپنی ذمہ داری نبھا نہیں سکتی تو اسے گھر چلے جانا چاہئے ۔