2015 میں پرتشدد واقعات میں 4612 افراد ہلاک ہوئے‘18 خود کش حملے ہوئے جبکہ دہشت گردی کے مجموعی واقعات کی تعداد 706 رہی:انسانی حقوق کمیشن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 1 اپریل 2016 16:44

2015 میں پرتشدد واقعات میں 4612 افراد ہلاک ہوئے‘18 خود کش حملے ہوئے جبکہ ..

اسلام آباد(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔01اپریل۔2016ء) انسانی حقوق کمیشن پاکستان نے کہا ہے کہ 2015 میں پرتشدد واقعات میں 4612 افراد ہلاک ہوئے۔اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں ملک میں گزشتہ برس انسانی حقوق کی صورتحال پر جاری کی گئی رپورٹ میں ایچ آر سی پی کی جانب سے کہا گیا کہ 2015 میں پاکستان میں 18 خود کش حملے ہوئے جبکہ دہشت گردی کے مجموعی واقعات کی تعداد 706 رہی۔

رپورٹ کے مطابق دہشت گردی اور پرتشدد واقعات میں 4612 افراد ہلاک ہوئے، صرف دہشت گردی کے واقعات میں 619 شہری اور سیکیورٹی فورسز کے 348 اہلکار نشانہ بنے، اس کے ساتھ ساتھ سیاسی رہنماوں، کارکنوں پر 41 حملوں میں 57 افراد ہلاک ہوئے، 2015میں 4صحافی بھی قتل ہوئے۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس فرقہ واریت کے 58 واقعات پیش آئے جبکہ توہین مذہب کے الزام میں 22 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2015 میں 324 افراد کو پھانسی دی گئی، 419 قیدیوں کو موت کی سزا سنائی گئی۔یہ بھی بتایا گیا کہ جیلوں میں 65 قیدی ہلاک ہوئے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ 2015میں پولیس مقابلوں میں 2108افراد ہلاک ہوئے۔انسانی حقوق کمیشن رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ بلوچستان میں جبری گمشدگی کے 151 واقعات پیش آئے، تاہم یہ واضح نہ ہو سکا ان کی کمشدگی کب اور کیسے ہوئی۔

2015 میں 65000 افراد کے نام ایگزیکٹ کنٹرل لسٹ (ای سی ایل) سے نکالے گئے۔انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بتایا گیا کہ زیادتی کے 3768 واقعات پیش آئے، زیادتی کے واقعات میں 1974 لڑکیاں اور 1794 لڑکے متاثر ہوئے۔کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا کہ 2015 میں غیرت کے نام پر قتل کے 987واقعات رپورٹ ہوئے،غیرت کے نام پر قتل کے واقعات میں 1184افراد متاثر ہوئے۔رپورٹ کے مطابق 993 خواتین کو جنسی تشدد، 279 کو گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔خواتین کے حوالے سے مزید اعداد وشمار دیتے ہوئے کہا گیا کہ 833 خواتین کو اغوا کیا گیا،143پر تیزاب پھینکا گیا،بچوں کی تعلیم سے محرومی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا گیا کہ 2015میں 25ملین (2 کروڑ 50لاکھ) بچے اسکول سے باہر رہے۔

متعلقہ عنوان :