صوبائی حکومتیں بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کریں، احسن اقبا ل

جمعہ 1 اپریل 2016 16:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبا ل نے کہا ہے کہ جس قوم کی صفوں میں جہالت ہوتی ہے وہ خود اپنے خلا ف سازش کرتی ہے ۔ تمام صوبائی حکومتیں اپریل کے دوران بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز قومی داخلہ مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیم بنیادی ضرورت ہے اور اس حوالے سے تمام متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

آج کا دور علم ، تعلیم اور تحقیق کا دور ہے ہماری بدحالی کی بنیادی وجہ تعلیم سے دوری ہے انہوں نے کہا ہے کہ باوقار اور خود مختار پاکستان کے لئے ہر بچے کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہو گا جس قوم کی صفوں میں جہالت ہوتی ہے وہ خود اپنے خلاف سازش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے موجودہ حکومتی اقدامات قابل تحسین ہیں اور ملکی سطح پر اقدامات کرنے کے لئے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو بچوں کے داخلہ کے لئے بہترین مواقع پیدا کرنا ہو گا قومی داخلہ مہم کے تحت پانچ سے نو سال کے بچوں کو سکولوں میں داخل کیا جائے گا ۔