سی ٹی او کی رنگدار شیشوں، مشکوک اوربغیر نمبرپلیٹ گاڑیوں بارے کریک ڈاؤن مزیدموثر بنانے کی ہدایت

جمعہ 1 اپریل 2016 15:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہورطیب حفیظ چیمہ نے شہر میں سکیورٹی ،امن وامان کی صورتحال اور ٹریفک کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے سی ٹی او آفس میں سیکٹر انچارجز اور ٹریفک وارڈنز کوبریفنگ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ ٹریفک کی روانی یقینی بناتے ہوئے دوران ڈیوٹی کالے شیشے،مشکوک گاڑیوں اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو خصوصی طور پر چیک کریں۔

سی ٹی او نے ایس پی سٹی اور ایس پی صدر کو ہدایت کی کہ پٹرولنگ کے عمل میں بہتری کریں اور خود بھی ہمہ وقت سڑکوں پر موجود رہیں۔انہوں نے تمام سرکل افسران کو حکم دیا کہ مشکوک گاڑیوں،رنگدار شیشے والی اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر مرتب کریں اور دفتر ارسال کریں۔

(جاری ہے)

سی ٹی او نے ٹریفک وارڈنزکو ہدایت کی کہ ضلعی پولیس کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہیں اور کوئی بھی مشکوک گاڑی یا شخص دیکھنے پر فوری طور پر مقامی پولیس کے ساتھ مل کر کاروائی کریں،اپنی ڈیوٹی کی نوعیت کو سمجھتے ہوئے چاک و چوبند ہوکر فرائض سرانجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری امن و امان کی صورتحال اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں ،شہری کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے ا پنی گاڑی اور موٹر سائیکل پر درست اور واضح نمبر پلیٹس لگائیں جبکہ گاڑیوں کی ونڈ سکرین اور شیشوں سے رنگدار پیپرز اتار دیں ۔

متعلقہ عنوان :