شوہر کے قتل کے الزام میں جیل جانیوالی خاتون نے رہائی کے بعد بچوں کی تحویل کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا

بچو ں نے ماں کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا ، ہائی کورٹ نے فریقین کو وکلاء کو دلائل کے لئے طلب کر لیا

جمعہ 1 اپریل 2016 15:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم اپریل۔2016ء ) شوہر کے قتل کے الزام میں جیل جانے والی خاتون نے رہائی کے بعد بچوں کی تحویل کے لئے عدالت سے رجوع کر لیا ، بچو ں نے ماں کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا ، عدالت نے فریقین کو وکلاء کو دلائل کے لئے طلب کر لیا ۔ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سردار محمد شمیم خان نے گوجرانوالہ سے بچوں کی حوالگی کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار خالدہ بی بی نے اپنے بیٹے 9سالہ حمزہ اور آٹھ سالہ عبدالرحمان کی حوالگی کے لئے درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ اس کے سسرال والوں نے شوہر کے قتل کا جھوٹا الزام لگا کر اسے جیل بھیجا اور ضمانت پر رہائی کے بعد بھی بچوں سے ملنے نہیں دیا جا رہا ۔ بچوں کے پھوپھا اکرام نے الزام لگایا کہ خالدہ نے اپنے شوہر کو قتل کیا اب بچے اس کے حوالے کیسے کئے جاسکتے ہیں ، بچوں نے بھی ماں کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا ۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کو دلائل کے لئے 5اپریل (منگل )کو طلب کرلیا ۔