سانحہ گلشن پارک کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے، وزیر اعلی پنجاب کو فوری مستعفی ہو جانا چاہیے ‘ سینیٹر اعتزاز احسن

جمعہ 1 اپریل 2016 14:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سانحہ گلشن اقبال پارک کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے وزیر اعلی پنجاب کو فوری مستعفی ہو جانا چاہیے سانحہ گلشن پارک کو سینٹ میں بھی اٹھایا جائے گا‘لاہور کی ادھی پولیس شریف برادران کی سکیورٹی پر لگی ہوئی ہے تو لوگوں کی خفاظت کیسے ہو گی ‘شریف برادران قومی خزانے پر ڈاکے پے ڈاکہ مار رہے ہیں مگر اس کے باوجود شریف برادران کا احتساب نہیں ہو رہا اور عدالتیں خاموش ہے۔

جمعہ کے روز لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹ کے اندر بھی شہباز شریف کے استعفیٰ کا مطالبہ کرے گی اورسانحہ گلشن پارک کو سینٹ میں بھی اٹھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شریف برادران قومی خزانے پر ڈاکے پے ڈاکہ مار رہے ہیں مگر اس کے باوجود شریف برادران کا احتساب نہیں ہو رہا اور عدالتیں خاموش ہے جس سے ایسا لگتا ہے کہ شریف برادراناحتساب کے عمل سے مبرا ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ شریف برادران کا احتساب نہیں ہو گا ، پنجاب میں رینجرز نہیں بلکہ نیب کے آنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ لاہور کے بعد ہسپتالوں میں طبی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئی جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے متاثرین کو دیے جانے والے امدادی چیکوں کی تقسیم میں بھی کرپشن ہو رہی ہے،حکومت کو لوگوں کی سکیورٹی کی کوئی فکر نہیں‘لاہور کی ادھی پولیس شریف برادران کی سکیورٹی پر لگی ہوئی ہے تو لوگوں کی خفاظت کیسے ہو گی ۔