امریکی صدر کا جوہری سلامتی اجلاس کے شرکا کے اعزاز میں عشائیہ، طارق فاطمی کی شرکت

جمعہ 1 اپریل 2016 14:49

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اپریل۔2016ء) امریکی صدر باراک اوبامہ نے جوہری سلامتی اجلاس کے شرکاء کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں عشائیہ دیاجس میں معاون خصوصی طارق فاطمی نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز امریکی صدر باراک اوبامہ نے جوہری سلامتی اجلاس کے شرکاء کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں عشائیہ دیا۔ جس میں مختلف ممالک کے سربراہان اور نمائندوں نے شرکت کی۔

کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے بھی عشائیہ میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ واشنگٹن میں ہونے والے جوہری سلامتی سے متعلق سربراہ اجلاس میں 50ممالک کے سربراہ اور نمائندے شرکت کر رہے ہیں، اجلاس کا مقصد دنیا کو ایٹمی دہشت گردی سے بچانا، جوہری مواد کے تحفظ کو یقینی بنانا اور جوہری سلامتی پر بین الاقوامی تعاون بڑھانا ہے۔ کانفرنس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ کانفرنس میں شمالی کوریا کی طرف سے جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ روس کے صدر ولادی میرپوٹن نے کانفرنس کا بائیکاٹ کیا ہے جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے سانحہ لاہور کے باعث اپنا دورہ امریکہ منسوخ کیا تھا۔