برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا سانحہ لاہور پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

جمعہ 1 اپریل 2016 14:47

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم اپریل۔2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کو دہشت گردی کے درپیش خطرات مشترکہ ہیں، وزیراعظم نواز شریف دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ وہ گزشتہ روز واشنگٹن میں جوہری توانائی کی عالمی کانفرنس کے موقع پر برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔

ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال اور دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت کے روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، دونوں ممالک کی قیادت نے تجارت اور معیشت کے فروغ کیلئے تعاون میں کردار ادا کیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان علاقائی سلامتی اور انسداد دہشت گردی کے لئے تعاون کو مثالی قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے سانحہ لاہور پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فورسز اور عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں، پاکستان کے دشمن برطانیہ کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے تعاون جاری رکھیں گے، سلامتی سے متعلق امور میں دوطرفہ تعاون بڑھائیں گے، اطلاعات کے تبادلے اور انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان سے تعاون جاری رہے گا، توانائی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا علاقائی امن اور استحکام کیلئے وژن قابل تحسین ہے،برطانیہ معیشت اورسکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون رکھے گا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے دہشت گردانہ واقعہ پر اظہار ہمدردی کرنے پر برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دہشت گردی پاکستان اور برطانیہ کیلئے مشترکہ خطرہ ہے، وزیراعظم نواز شریف دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

متعلقہ عنوان :