پنجاب میں رینجرز سے زیادہ آزاد نیب کی ضرورت ہے، اعتزاز احسن

جمعہ 1 اپریل 2016 13:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم اپریل۔2016ء) پیپلزپارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پنجاب میں رینجرز سے زیادہ آزاد نیب کی ضرورت ہے میٹرو منصوبے اچھے ہیں لیکن ایک ارب کے منصوبے پر چار ارب کا ڈاکہ مارا گیا ۔ سانحہ گلشن اقبال پارک ناقص سیکورٹی اور ہسپتالوں میں سہولیات کے فقدان کے باعث اموات میں اضافہ ہوا سانحہ لاہور کو سینٹ میں اٹھائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ ہے کہ میٹرو منصوبے اچھے ہیں لیکن شریف برادران ان منصوبوں سے پیسے بنا رہے ہیں جو منصوبہ ایک ارب کا ہوتا ہے اس پر چار ارب روپے کا ڈاکہ مارا جاتا ہے ایل این جی منصوبے میں بھی پیسے بنائے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رینجرز سے زیادہ آزاد نیب کی ضرورت ہے نیب نے پنجاب میں کچھ منصوبوں کی چھان بین کا کہا تو وزیر اعظم کو تکلیف ہو گئی اور نیب کو دھمکیاں دینے لگے ہمیں یقین ہے کہ شریف برادران کا احتساب نہیں ہوگا ۔

(جاری ہے)

سانحہ گلشن اقبال لاہور کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ لاہور پنجاب حکو مت کی ناقص سیکورٹی کے باعث پیش آیا ہے پنجاب میں سیکورٹی وی آئی پی افراد خصوصاً شہباز شریف ، حمزہ شہباز کی حفاظت کے لئے تعینات ہے دھماکے کے بعد ہلاکتوں میں اضافہ ہسپتالوں میں سہولیات کے فقدان کے باعث پیش آئیں ۔ ہسپتالوں کا پیسہ بھی اورنج ٹرین منصوبے میں لگا دیا ہے اورنج ٹرین کے لئے آثار قدیمہ مسمار کرنے کے شدید خلاف ہیں انہوں نے کہا کہ سینٹ کے آئندہ اجلاس میں سانحہ گلشن اقبال لاہور اور اورنج منصوبوں کے لئے آثار قدیمہ کی مسمار کا مسئلہ اٹھائیں گے ۔