ہم جماعت کو مارنے کی سازش،فرسٹ گریڈ طلبا کو اسکول سے نکال دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 1 اپریل 2016 12:46

(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اپریل2016ء): فرسٹ گریڈ کی تین طالبات کو گذشتہ ہفتے اپنی ہم جماعت کو زہر دے کر مبینہ طور پر مارنے کا منصوبہ بنانے پر اسکول سے خارج کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسکول انتظامیہ کو مذکورہ طالبات کے منصوبوں کا ایک اور طالبہ کے ذریعے علم ہوا جس نے ان تینوں طالبات کو اس سے متعلق بات کرتے ہوئے سناتھا۔ تینوں طالبات نے اپنی ہم جماعت کے کھانے میں سیلیکا جیل ملانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

سیلیکا جیل کی تھیلیوں کو کھانوں ، جوتوں کے ڈبوں اور بیگز سمیت دیگر اشیا میں نمی کو روکنے کے استعمال کیا جاتا ہے لیکن خوش قسمتی سے سیلیکا جیل مہلک نہیں ہوتی۔ اگرچہ تینوں طالبات کو سیلیکا جیل کے مہلک نہ ہونے کا علم نہیں تھا۔ محکمہ پولیس کی ترجمان جینیفر کا کہنا تھا کہ والدین کو اپنے بچوں کو یہ بات سکھانی چاہئیے کہ اگر وہ کسی کو بھی نقصان پہنچانے سے متعلق کوئی بھی بات سنیں تو متعلقہ انتظامیہ کو فوری طور پر مطلع کریں ۔

(جاری ہے)

تینوں طالبات کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی لیکن تینوں طالبات کو اس جُرم میں کافی عرصہ کے لئے اب اسکول سے معطلی کا سامنا رہے گا۔ البتہ اسکول انتظامیہ کے ایک فرد نے تینوں طالبات سے ملاقات کر کے ان کے اقدام کے مضمرات سے متعلق بھی ان کو آگاہ کیا۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر آتے ہی صارفین میں بھی ایک تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ متعدد سوشل میڈیا صارفین نے والدین کو بچوں کی سرگرمیوں پر بھر پور توجہ دینے اور نظر رکھنے کی تلقین کی ہے جبکہ دیگر صارفین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی کم عمر میں کوئی ایسا کیے سوچ سکتا ہے۔