پشاور میں چوہوں کے سرکی قیمت مقرر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 1 اپریل 2016 12:04

پشاور میں چوہوں کے سرکی قیمت مقرر

پشاور(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔01اپریل۔2016ء) پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر سے چوہوں کے خاتمے کے لیے ان کے 'سر کی قیمت' مقرر کردی ہے-ضلعی ناظم پشاور محمد عاصم خان کی سربراہی میں اس مسئلے کے حل کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جہانگیر خان، پبلک ہیلتھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد عاطف اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران نے شرکت کی-یہ مسئلہ اس وقت اجاگر ہوا جب حال ہی میں پشاور کے مضافاتی علاقے حسن گڑھی میں ایک نومود بچہ چوہے کے کاٹنے کی وجہ سے ہلاک ہوگیا تھا-اجلاس کے دوران ضلعی انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ شہر میں جو کوئی بھی چوہا مارے گا، اسے انعام کے طور پر فی چوہا 50 روپے دیئے جائیں گے-اس مقصد کے لیے شہر کے چاروں ٹاونز میں مخصوص پوائنٹس بنائے گئے ہیں اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ چوہے ان مقامات پر لاکر پھینکیں اور اپنے انعام حاصل کریں-اس کے ساتھ ساتھ ایک موبائل سروس کا بھی آغاز کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہر کے مضافات میں مارے جانے والے چوہے جمع کیے جاسکیں-ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ حکام کو شہریوں کو چوہے مار زہر تقسیم کرنے کی بھی ہدایت کی-چوہوں کے خلاف آپریشن کے سربراہ نصیر احمد کا کہنا تھاکہ شہر کو چوہوں سے صاف کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کیا جائے گا-

متعلقہ عنوان :