کرکٹ کھیلنے نہیں آئے، مربوط نظام لا رہے ہیں، مصطفی کمال

جمعرات 31 مارچ 2016 22:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال کہتے ہیں کہ ہر گلی میں ان کی پارٹی کا دفتر کھلے گا، کرکٹ کھیلنے نہیں آئے، مربوط نظام لا رہے ہیں۔ جمعرات کو کراچی سے میر پور خاص روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ یہ ایک خوشگوار تبدیلی ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ ان کا خیر مقدم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک نئی سوچ لے کر آئے ہیں، پاکستان کی ہر گلی میں پاک سرزمین پارٹی کے دفتر کھلیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہاں پر کرکٹ کھیلنے نہیں آئے، مربوط نظام لا رہے ہیں۔ آج میر پور خاص میں آفس کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ فاروق ستار کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مصطفی کمال نے کہا کہ فاروق ستار ہمارے بھائی ہیں، اور ان پر 7 خون معاف ہیں، فاروق ستار پر بات کرنا ان پر مزید بوجھ ڈالنے کے مترادف ہو گا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کے بعد مصطفی کمال اپنے ساتھیوں کے ہمراہ میر پور خاص روانہ ہو گئے۔کراچی سے انیس قائم خانی، انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون کے ہمراہ مصطفی کمال کا روانہ ہونے والا قافلہ جب ٹنڈو جام ٹول پلازہ پہنچا تو حیدر آباد کے لوگوں نے ان کا شاندار استقبال کرتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور مصطفی کمال کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔ کراچی سے میر پور خاص کے لئے جانے والے مصطفی کمال کے قافلے کا راستے میں استقبال کرنے والے لوگوں نے پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ کی تصاویر، بینرز اور پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ مصطفی کمال اور پارٹی رہنماں کا قافلہ ٹنڈو جام اور ٹنڈو الہ یار سے ہوتا ہوا میر پور خاص پہنچے گا جہاں پارٹی کے دفتر کا مصطفی کمال افتتاح کریں گے۔

متعلقہ عنوان :