وزیر خزانہ کی یقین دہانی ، خواتین اور مرد نرسوں نے کسی قسم کی ہڑتال یا احتجاج نہ کرنے کا اعلان کردیا

جمعرات 31 مارچ 2016 22:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ کی یقین دہانی پر خواتین اور مرد نرسوں نے کسی قسم کی ہڑتال یا احتجاج نہ کرنے کا اعلان کیا ہے واضح رہے کہ میل اور فی میل نرسز کے ایک نمائندہ وفد نے مختار احد کی زیرقیادت وزیر خزانہ سے سول سیکٹریٹ پشاور میں ملاقات کرکے پیرامیڈیکس کے سروس سٹرکچر میں صوبے بھر کے نرسز کو نظرانداز کرنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور بتایا کہ میل اور فی میل نرسز گریڈ سولہ میں بھرتی ہو کر اسی گریڈ میں ریٹائر ہو جاتے ہیں جبکہ اب پیرامیڈیکس کے سروس سٹرکچر میں بھی انہیں ترقی کا کوئی چانس نہیں دیا گیا جس پر مظفر سید ایڈوکیٹ نے انکے معروضات پر ہمدردانہ غور کرنے بالخصوص ہیلتھ پروفیشنل اور کمپنسیٹری الاؤنس کو جلد از جلد زیرغور لانے کا یقین دلایا انہوں نے اعتراف کیا کہ نرسز ہسپتالوں میں دن رات مریضوں کی خدمت میں کوشاں رہتے ہیں جو انسانیت کی معراج ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت ہڑتال یا احتجاج کے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونے کی بجائے اس کا الٹا اثر لے گی اور سخت ترین اقدامات سے گریز نہیں کیا جائے گا کیونکہ یہ بات کسی طرح مناسب نہیں کہ ایک طرف ہم غریب عوام کے خون پسینے کے ٹیکسوں سے تنخواہیں لیں تو دوسری طرف اپنے نت نئے مسائل اور مطالبات کے حل کیلئے ہڑتال کا راستہ اپنا کر انہی کو تکلیف یا نقصان پہنچائیں انہوں نے حالیہ واقعات کے دوران نرسز بالخصوص خواتین نرسوں کی طرف سے احتجاج و ہڑتالوں سے قطعی گریز کی روش کو سراہا اور واضح کیا کہ زندہ قومیں اسی طرح کے جذبے سے ترقی کی معراج پر پہنچ جاتی ہیں انہوں نے وفد کو اپنے مسائل و مطالبات تحریری شکل میں بھیجنے کی ہدایت کی جبکہ وفد نے انکے معروضات توجہ سے سننے پر وزیرخزانہ کا شکریہ ادا کیا اور صوبائی حکومت کی صحت پالیسی کو کامیاب بنانے، ہسپتالوں میں اپنی ڈیوٹی شبانہ روز سرانجام دینے اور دکھی انسانیت کی خدمت کا مشن پوری تندہی سے جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :