نیب نے سابق ایم پی اے کے پبلک فنڈ میں خردبرد کا سراغ لگا لیا

خود غرض اُستاد نے طلباء و طالبات کو اندھیرے میں رکھ کر ان کے لئے مختص لاکھو ں روپے منظور کروا کر ہڑپ کر لئے دھوکہ دہی سے لوٹی گئی سکالرشپ کی رقم وصول کر کے بچوں میں تقسیم، عوام الناس سے دھوکہ دہی کرنے والے قانون شکن انصاف کا کوڑا نہ بھولیں، نوسر بازوں کا انجام رسوائی کے سوا کچھ نہیں،بد عنوان عناصر کی نشاندہی کے لئے نیب کو درخواست دیں، بد عنوانی کے مکمل خاتمے اور قومی وسائل کی لوٹ مار میں ملوث عناصر کی نشاندہی میں سول سوسائٹی، میڈیا اور عوام نیب کا بھر پور ساتھ دیں، ڈی جی نیب بلوچستان

جمعرات 31 مارچ 2016 22:11

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء ) نیب بلوچستان نے سابق ممبر صوبائی اسمبلی جعفر جارج کے ایم پی اے فنڈ میں خرد برد کا سراغ لگا لیا، خود غرض اُستاد نے طلباء و طالبات کو اندھیرے میں رکھ کر ان کے لئے مختص لاکھو ں روپے ہڑپ کر لئے، نیب نے ملزم کے خلاف تحقیقات مکمل کر کے دھوکہ دہی سے لوٹے گئے 10 لاکھ روپے وصول کر کے متاثرہ طلباء و طالبات میں چیک تقسیم کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق نیب بلوچستان نے سابق ایم پی اے جعفر جارج کے فنڈ میں خرد برد کے حوالے سے موصول شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم الیاس اندریاس کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم جواین جی او چلاتا تھا اور متاثرہ بچوں کو ٹیوشن بھی پڑھاتا تھا، نے ممبر صوبائی اسمبلی جعفر جارج سے اسکالرشپ کی مد میں اقلیتی کمیونٹی کے 20 طلباء و طالبات کے لئے دس لاکھ روپے ریلیز کروا کے بچوں میں تقسیم کرنے کے بجائے خود ہڑپ کر لیے۔

(جاری ہے)

ملزم نے خرد برد کے لئے ایک انوکھا اور جدید طریقہ استعمال کیا تاکہ قانون کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا سکے تاہم یہ چوری نیب کی ٹیم سے اوجھل نہ رہ سکی۔ ملزم نے ڈی سی آفس کوئٹہ سے تمام بچوں کے لئے منظور شدہ رقوم بذریعہ چیک وصول کر کے ہر بچے کا بینک میں علیحدہ اکاونٹ کھلوایا اور چیک بکس ملنے کے بعد اُن سے دو خالی چیکس پر دستخط لے لیے۔ وظیفہ کی رقم طلباء و طالبات کے اکاونٹس میں منتقل ہوتے ہی ملزم نے دستخط شدہ چیک کے ذریعے رقم نکال لی۔

نیب بلوچستان کی تحقیقات کی بدولت ملزم نے اقرارِ جرم کر کے لوٹی گئی رقم نیب کے حوالے کر دی۔ نیب بلوچستان نے ایک تقریب کے دوران متاثرہ طلباء و طالبات میں اُنکے والدین کے سامنے وصول شدہ رقم چیک کی صورت تقسیم کر دی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان میجر ریٹائرڈ طارق محمود ملک نے بد عنوانی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس سے دھوکہ دہی کرنے والے قانون شکن انصاف کا کوڑا نہ بھولیں، نوسر بازوں کا انجام رسوائی کے سوا کچھ نہیں، بد عنوانی کے مکمل خاتمے کیلئے سول سوسائٹی، میڈیا اور عوام نیب کا بھر پور ساتھ دیں۔

کرپشن کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انھوں نے زور دیا کہ معاشرہ کا پڑھا لکھا طبقہ لوگ بد عنوان عناصر تک پہنچنے کیلئے نیب کا ساتھ دے، بد عنوانی اور قومی وسائل کی لوٹ مار کی نشاندہی کرے تاکہ ایسے عناصر جو ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر رہے ہیں انھیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ انھوں نے ہر ممکن کاروائی کا یقین دلاتے ہوئے عوام الناس کو کہا کہ وہ بد عنوان عناصر کی نشاندہی کے لئے نیب کو درخواست دیں تاکہ ایسے عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا جو بھی درخواست اس حوالے سے نیب کو موصول ہوئی اُس پر بلا امتیاز کاروائی کی جائیگی۔