پی آئی اے نے حجاج کرام کے کرایوں کی تفصیلات وزارت مذہبی امور کو فراہم کر دی ہیں۔ ترجمان پی آئی اے

جمعرات 31 مارچ 2016 21:55

کراچی ۔ 31 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 مارچ۔2016ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے حجاج کرام کے کرایوں کے حوالے سے تفصیلات وزارت مذہبی امور کو فراہم کر دی ہیں۔ جمعرات کو پی آئی اے کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں اس خبر کی تردید کی گئی ہے کہ پی آئی اے حجاج کرام کے کرایوں کے حوالے سے وزارت مذہبی امور کو تفصیلات بھجوانے میں تاخیر کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے پہلے ہی تفصیلات وزارت کو فراہم کر چکا ہے اور ہماری کوشش ہو گی کی حجاج سے کم سے کم کرایہ وصول کیا جائے اس لئے یہ فلائیٹ آپریشن بغیر نفع اور نقصان کی بنیاد پر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سول ایوی ایشن کی طرف سے حج آپریشن کے لئے تمام ایئر لائنز کو 22 اپریل تک شیڈول جمع کرانے کا کہا گیا ہے اور پی آئی اے مقررہ تاریخ سے قبل ہی اپنا فلائیٹ شیڈول جمع کرا دے گی۔