مدینہ منورہ میں نیورسٹی میں جاری پانچ روز ہ بین الاقوامی ثقافتی میلہ ، پاکستانی ثقافت اور دفاعی اشیاء کے سٹال ، 100 مختلف ممالک کے سٹالوں میں پاکستانی طلباء کی تیسری پوزیشن

جمعرات 31 مارچ 2016 21:37

اسلام آباد/مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مارچ۔2016ء) مدینہ منورہ میں مدینہ یونیورسٹی میں جاری پانچ روز ہ بین الاقوامی ثقافتی میلہ میں پاکستانی طلباء نے پاکستانی ثقافت اور دفاعی اشیاء کے سٹال سجا دیے ، سو مختلف ممالک کے سٹالوں میں پاکستانی طلباء نے تیسری پوزیشن حاصل کر لی ، میلہ کا افتتاح گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کیا ،گورنر مدینہ منورہ سمیت 36ممالک کے سفراء کا پاکستانی سٹال کا دورہ کیا اور طلباء کی طرف سے بنائے گئے ماڈل کی تعریف کی۔

تفصیلات کے مطابق عالم اسلام کی شہرہ آفا ق درس گاہ مدینہ یونیورسٹی میں پانچ روزہ ثقافتی میلہ کا اہتمام کیا گیا جس میں سو سے زائد ممالک کے طلباء نے حصہ لیا اور اپنے اپنے ملک کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف اشیا ء کے ماڈل سجائے اس میلہ کا افتتاح مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعودنے کیا۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب میں 36 ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔

پاکستانی طلباء نے مدینہ یونیورسٹی کے سینئر طالب علم فردوس جمال نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پاکستانی ثقافت کے متعلق سینکڑوں اشیاء کا سٹال سجا دیا۔ اس موقع پر پاکستانی طلباء کی جانب سے شاہین 3، جے ایف تھنڈر جہاز اور دیگر دفاعی سازو سامان کے ماڈل بھی بنائے گئے جو دیگر ممالک کے سفیروں اور نمائش میں آنے والوں کی توجہ کا مرکزبنے رہے۔ مینار پاکستان کا بلند قامت ماڈل بھی نمائش میں رکھا گیا۔

پاکستانی سٹال ناظم اور طالب علم رہنما فردوس جمال نے اس موقع پر کہا کہ میلہ میں بھرپور شرکت اور اور ثقافت کے لیے مختلف اشیاء کو پیش کرنا اور ماڈل بنانا اپنے ملک سے بے لوث محبت اور والہانہ عشق کی دلیل اور ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ میلہ میں پاکستانی سفیر نے عدم دلچسپی کا اظہار کیا اور میلہ میں شرکت بھی نہیں کی جس پر طلباء کو مایوسی ہوئی ہے انہوں نے اس میلہ میں اشیاء کی کامیاب نمائش اور دلچسپی پر طلباء اور پاکستانی مندوب وقار احمد سندھی کا بالخصوص شکریہ ادا کیا جن کی شبانہ و روز محنت سے پاکستان کا نام روشن ہوا۔فردوس جمال نے کہا کہ 100مختلف ممالک کے سٹالوں میں پاکستانی سٹال کو تیسری پوزیشن ہمارے لیے اعزاز ہے

متعلقہ عنوان :