Live Updates

سپریم کورٹ کے ریمارکس نے موجودہ انتخابی نظام کی شفافیت کا بھانڈہ پھوڑ دیا‘ عبدالعلیم خان

ثابت ہو گیا کہ انتخابی دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کااحتجاج درست تھا، پی ٹی آئی کا آج اہم اجلاس طلب

جمعرات 31 مارچ 2016 21:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی طرف سے الیکشن کمیشن کو انتخابی نظام کو شفاف بنانے کیلئے دیے گئے ریمارکس نے اصل صورتحال کا بھانڈہ پھوڑ دیا ہے اور ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گیا ہے کہ انتخابی دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کا دھرنا اور ملک گیر احتجاج درست اقدام تھے ۔

غیر ملکی نجی دورے سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز لیگ نے محض سیاسی جماعتوں کو لالی پاپ دینے کیلئے نام نہاد انتخابی اصلاحات کے نام پر پارلیمانی کمیٹی قائم کی ہے جس کا کئی مہینوں تک اجلاس ہی منعقد نہیں ہوتا جس سست روی سے یہ کمیٹی کام کر رہی ہے آئندہ انتخابات بھی 2013کے مشکوک نظام کے تحت ہوں گے عبدالعلیم خان نے کہا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی یہ قرار دے چکی ہے گذشتہ عام انتخابات بے ضابطگیوں سے بھرپور تھے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بڑے پیمانے پر اصلاحات لانے کی ضرورت ہے لیکن حکمرانوں کے کانوں تک جوں تک نہیں رینگی چونکہ نواز لیگ کواس انتخابی دھاندلی سے سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے ایک سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابی اصلاحات کیلئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کو بھی خاطر میں نہیں لا رہا اور مسلسل ٹال مٹول سے کام لیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے میں پارٹی ہیں اور ضرورت پڑنے پر عدالت میں دوبارہ جا سکتے ہیں عبدالعلیم خان نے اعادہ کیا کہ دھاندلی کے ایشو پر این اے 122کی کاروائی کو بھی منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور ہم حکومت کے کسی بھی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائیں گے ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ء عبدالعلیم خان کی واپسی پر تحریک انصاف لاہور کے رہنماؤں کا اہم اجلاس یکم اپریل شام 5بجے منعقد ہو رہا ہے جس میں انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے اہم اعلانات متوقع ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات