بلدیہ عظمیٰ کراچی میں خلاف ضابطہ تقرریاں عروج پر پہنچ گئیں

چائنہ کٹنگ اور زمینوں کے خرد برد میں ملوث نجم الزماں کوڈائریکٹر لینڈاور نیب کی انکوائری کا سامنا کرنے والے اختر ڈائریکٹر چارجڈپارکنگ تعینات میرے کہنے پر کسی کو تعینات نہیں کیا گیا، چھوٹے لیول کی ٹرانسفر پوسٹنگ سے میرے کوئی لینا دینا نہیں،خلاف ضابطہ کام ہوا ہے تو کارروائی ہوگی،جام خان شورو

جمعرات 31 مارچ 2016 20:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی میں خلاف ضابطہ تقرریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں ۔کرپشن میں ملوث افسران کو ایڈمنسٹریٹر آشیر باد سے اہم عہدوں پر فائز کردیا گیا ہے ۔چائنہ کٹنگ اور زمینوں کے خرد برد میں ملوث نجم الزماں کوڈائریکٹر لینڈ تعینات کردیا گیا جبکہ نیب انکوائری کا سامنا کرنے والے اختر شیخ کو ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ کی ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر نے قواعد کی دھجیاں اڑاتے ہوئے من پسند افسران کو اہم عہدوں پر تعینات کردیا ہے ۔نیب انکوائری کا سامنا کرنے والے اختر شیخ کو ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ کا چارج دے دیا گیاہے ۔اختر شیخ لوکل ٹیکس کے سابق سینئر ڈائریکٹر رہے ہیں اور ان پراپنی ذاتی کمپنیوں کو کروڑوں روپے کے بل بورڈالاٹ کرانے کا بھی الزام ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اختر شیخ کے والد نے ایڈمنسٹریٹر کراچی سے ملاقات کی جس کے بعد اختر کی تقرری کا نوٹی فکیشن جار ی کردیا گیا ہے ۔ایڈمنسٹریٹر کراچی نے چائنہ کٹنگ اور زمینوں کے خرد برد میں ملوث نجم الزماں کو ڈائریکٹر لینڈ تعینات کر دیا گیا۔ لینڈ ڈائریکٹر کے ایم سی نجم الزمان کو قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی لینڈ گریبنگ کے حوالے سے حراست میں لے چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سابق ڈائریکٹر لینڈ عقیل بیگ کو 28 کروڑ کی ریکوری ٹارگٹ پورا نہ کرنے پر ہٹایا گیاہے ۔جبکہ سفاری پارک میں خالد ہاشمی کو ڈائریکٹرمقرر کیا گیا ہے ۔ خالف ہاشمی کے خلاف اینٹی کرپشن پہلے ہی انکوائری کر رہی ہے اور انہوں نے سینئر ڈائریکٹر کو جوائننگ دیئے بغیر ہی چارج لے لیاہے ۔اس ضمن میں وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کا کہنا ہے کہ میرے کہنے پر کسی کو تعینات نہیں کیا گیاہے ۔ چھوٹے لیول کی ٹرانسفر پوسٹنگ سے میرے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ اگر کوئی خلاف ضابطہ یا قانون کام ہوا ہے تو انکوائری کروائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :