پاکستان نے ایران سے ”را“ایجنٹ راکیش عرف رضوان کی حوالگی کا مطالبہ کردیا

کلبھوشن یادیو اور راکیش کے ایران میں رابطوں اور ”را“ نیٹ ورک کی معلومات بھی دی جائیں،سیکرٹری داخلہ عارفکا ایرانی وزارت داخلہ کو ریفرنس

جمعرات 31 مارچ 2016 20:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 مارچ۔2016ء) پاکستان نے ایران سے ”را“ کے ایک اور ایجنٹ راکیش عرف رضوان کی حوالگی کا مطالبہ کردیاہے ،وفاقی حکومت نے موقف اختیارکیاہے کہ توقع ہے کہ ایران پاکستان مخالف سرگرمیوں کا سخت نوٹس لے کر انہیں بند کرائے گا۔وزارت داخلہ ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایران سے ”را“ کے ایک اور ایجنٹ راکیش عرف رضوان کی حوالگی کا باضابطہ مطالبہ کر دیا ہے۔

وفاقی سیکرٹری داخلہ عارف احمد خان نے حکومت پاکستان کی جانب سے ایرانی وزارت داخلہ کو ریفرنس بھجوایا ہے دو صفحات پر مشتمل اس ریفرنس کا عنوان بھارتی جاسوس کی گرفتاری اور سبوتاڑ سرگرمیاں ہے۔پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست کے ذریعے بھجوائے گئے اس ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ کلبھوشن یادیو عرف حسین مبارک پٹیل اربوں ڈالر کی پاک چین اقتصادی راہداری کو ناکام بنانے کی کوشش میں تھا۔

(جاری ہے)

ایران وہاں موجود ”را“ کے ایک اور ایجنٹ راکیش عرف رضوان کو پاکستان کے حوالے کرے اور دونوں کے ایران میں رابطوں اور ”را“ نیٹ ورک کی معلومات بھی دی جائیں۔ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران ”را“ کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کو سنجیدہ طور پر دیکھے۔ پاک ایران سرحد کی خود مختاری کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔توقع ہے کہ ایران پاکستان مخالف سرگرمیوں کا سخت نوٹس لے کر انہیں بند کر ائے گا