سی ڈی اے اسلام آباد ڈرائی پورٹ سڑک کی جلد مرمت و توسیع یقینی بنائے ،عاطف اکرام شیخ

سڑک اکھاڑنے کے بعد مرمت میں تاخیر ہو رہی ہے جس وجہ سے تاجر برادری مسائل کا شکار ہے،صدراسلام آبادچیمبرآف کامرس

جمعرات 31 مارچ 2016 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ ، سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبد الوحید نے کہا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد ڈرائی پورٹ کو جانے والی سڑک کو مرمت کرنے کا کام شروع کر دیا ہے جو قابل ستائش اقدام ہے تاہم سڑک اکھاڑنے کے بعد اس کی مرمت میں تاخیر ہو رہی ہے جس وجہ سے تاجر برادری مسائل کا شکار ہے جبکہ علاقہ گردوغبار کی لپیٹ میں ہے۔

لہذا انہوں نے سی ڈی اے حکام پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد ڈرائی پورٹ سڑک کی جلد سے جلد مرمت کو یقینی بنائیں تا کہ کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرصے سے اسلام آباد ڈرائی پورٹ کی سڑک کو چوڑا کرنے اور موجودہ سڑک کو مرمت کرنے کا مطالبہ کرتا رہا ہے کیونکہ یہ سڑک اس علاقے سے برآمدات و درآمدت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا انہوں نے کیپٹل ایڈمنسٹریشن اور ڈویلپمنٹ ڈویژن کے وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اسلام آباد ڈرائی پورٹ کی سڑک کو مرمت کرنے کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے سڑک اکھاڑنے کے بعد اس کی مرمت سست روی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ ضرورت اس بات کی تھی کہ اس پر مرمت کا کام تیزی سے کیا جاتا تا کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آتی۔انہوں نے کہا کہ مرمت کے کام میں تاخیر سے مصنوعات کی برآمد و درآمد میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے ترجیحی بنیادوں پر اس منصوبے کو مکمل کرنے کی کوشش کرے کیونکہ یہ منصوبہ مقامی تاجر برادری کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں واقع آئی نائن، آئی ٹن اور کہوٹہ ٹرائینگل انڈسٹریل ایریاز میں بھی سڑکیں اور دیگر انفراسٹریکچر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس وجہ سے صنعتکاروں کو مشکلات درپیش ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کے صنعتی علاقوں میں بھی سڑکوں کو فوری طور پر مرمت کرنے اور دیگر انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے پر توجہ دے تا کہ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔

متعلقہ عنوان :