دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آئے ہیں، چوہدری ندیم عباس ربیرہ

سانحہ گلشن اقبال پارک پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے، دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ہر ممکنہ اقدام کریں گے،رکن قومی اسمبلی

جمعرات 31 مارچ 2016 19:47

اوکاڑہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) ممبر قومی اسمبلی چوہدری ندیم عباس ربیرہ نے کہا ہے کہ سانحہ گلشن اقبال پارک پر جتنابھی افسوس کیا جائے کم ہے دہشت گرد بزدلانہ کاروائیوں پر اتر آئے ہیں حکومت،فوج اور عوام پختہ عزم کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمہ ے لئے متحد ہیں اور ہم دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ہر ممکنہ اقدام کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ گلشن اقبال پارک میں شہید ہونے والے چک بگیانہ بی بی پور کے رہائشی مرحوم محمد وسیم کے والد محمد سلیم کو پنجاب حکومت کی جانب سے 10لاکھ روپے کا امدادی چیک دیتے ہوئے کیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری طاہر امین اور اہل دیہہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔چوہدری ندیم عباس ربیرہ اور اسسٹنٹ کمشنر چوہدری طاہر امین نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ہماری اتحاد و یگانگت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ہم نے اپنی صفوں میں اتحاد بر قرار رکھتے ہوئے ان سماج دشمن عناصر کو یہ پیغام دینا ہے کہ وطن عزیز میں انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں اور ان معصوم پاکستانیوں کے خلاف دہشت گردی کرنے والے اب بچ نہ سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہے۔