قومی نصاب کونسل سے پورے ملک میں یکساں نصاب کے قیام میں مدد ملے گی ٗانجینئر بلیغ الرحمن

ملک کے تمام تعلیمی بورڈز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے رینکنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، وفاق تمام صوبوں میں تعلیمی سہولیات کو بہتر بنانے میں ہر ممکن معاونت کرے گا ٗوزیرمملکت کا خطاب

جمعرات 31 مارچ 2016 19:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ قومی نصاب کونسل سے پورے ملک میں یکساں نصاب کے قیام میں مدد ملے گی ٗ ملک کے تمام تعلیمی بورڈز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے رینکنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، وفاق تمام صوبوں میں تعلیمی سہولیات کو بہتر بنانے میں ہر ممکن معاونت کرے گا۔

وہ جمعرات کو تعلیمی بورڈ میں ویب پورٹل اور تربیتی لیب کا افتتاح کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے وفاقی تعلیمی بورڈ کے ون ونڈو آپریشن سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وفاقی تعلیمی بورڈ میں ویب پورٹل کی سہولت سے اندرون و بیرون ملک طلباء کو رجسٹریشن داخلوں اور دیگر سہولیات کے حصول میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں تمام تعلیمی بورڈز کا معیار ایک دوسرے سے مختلف ہے۔

وفاق نے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے تمام تعلیمی بورڈز کو جدید بنانے کے لئے معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں تربیتی لیب میں دیگر بورڈز کے عملہ، سپرنٹنڈنٹ، نگران، پیپر چیک کرنے والے اساتذہ اور دیگر کو جدید تربیت فراہم کی جائے گی جس کا مقصد تمام بورڈز کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بورڈز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے سلسلے میں بورڈز میں رینکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں کارکردگی کے لحاظ سے بورڈز کو رینکنگ دی جائے گی اور اس کا براہ راست فائدہ طلباء اور والدین کو ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رٹہ ازم کو ختم کر کے کنسیپچوئل لرننگ پر کام کیا جا رہا ہے۔ بلیغ الرحمان نے کہا کہ قومی نصاب کونسل کے قیام عمل میں لایا جا چکا ہے جس کے لئے وزیراعظم نے عمارت کی منظوری دے دی ہے جبکہ آئندہ دو ماہ تک عملہ کی بھرتی کا عمل بھی مکمل کرلیا جائے گا۔ قومی نصاب کونسل سے پورے ملک میں یکساں نصاب کے قیام میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم صوبائی سبجیکٹ ہے لیکن تمام صوبوں نے اس پر اتفاق کیا ہے کہ انہیں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہئے جس کے لئے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کے سات اجلاس ہو چکے ہیں اور تمام صوبے ان اجلاسوں سے استفادہ کر کے اپنے اپنے صوبوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنا رہے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر اکرام علی ملک نے ویب پورٹل کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ویب پورٹل ڈیڑھ ماہ سے تجرباتی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، اس عرصہ کے دوران ایک لاکھ 48 ہزار طلباء نے آن لائن رجسٹریشن کرائی جبکہ ایک لاکھ 46 ہزار طلباء نے آن لائن داخلہ فارم جمع کرائے جبکہ آن لائن رول نمبر سلپس بھی جاری کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :