وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا سانحہ لاہور میں جاں بحق ہونیوالوں کے ورثا ء سے اظہار تعزیت کیلئے ساہیوال کا دورہ

لواحقین سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار ‘مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی

جمعرات 31 مارچ 2016 19:43

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مارچ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے گلشن اقبال پارک بم دھماکے میں جاں بحق ہونیوالوں کے ورثا ء سے اظہار تعزیت کیلئے ساہیوال کے نواحی گاؤں چک نمبر 86/6-R کا دورہ کیا ۔انہوں نے لواحقین سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔

اس موقع پر کمشنر ساہیوال ڈویژن آصف اقبال چوہدری ‘آر پی محمد طارق چوہان ‘ڈی پی او سید باقر رضا اور ممبران اسمبلی پیر سید عمران احمد شاہ اور پیر خضر حیات شاہ کھگہ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نواحی گاؤں چک نمبر 86/6-R کے رہائشی دو خاندان سیر و تفریح کیلئے لاہور گئے تھے جہاں وہ گلشن اقبال پارک بم دھماکے کی زد میں آگئے جس میں 55 سالہ سکینہ بی بی اور 2 سالہ جویریہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی تھیں جبکہ باقی خاندان کے 30 سے زائدافراد زخمی ہو گئے تھے۔

شدید زخمیوں کا لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں علاج جاری ہے جبکہ معمولی زخمی اپنے گھر پہنچ چکے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کمشنر ساہیوال آصف اقبال چوہدری کو متاثرہ خاندان کے لواحقین کو 10-10لاکھ روپے دینے کی ہدایت کی ۔وہ 30 منٹ کے مختصر دورے کے بعد واپس روانہ ہو گئے ۔