سانحہ گلشن اقبال پارک پر جتناافسوس کیا جائے کم ہے ‘دہشتگرد بزدلانہ کاروائیوں پر اتر آئے ‘حکومت،فوج اور عوام پختہ عزم سے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے متحد ہیں ‘ہم دہشتگردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ہر ممکنہ اقدام کریں گے

رکن قومی اسمبلی چوہدری ندیم عباس ربیرہ کی سانحہ لاہور میں ہلاک محمد وسیم کے لواحقین کو امدادی چیک دینے کے موقع پر گفتگو

جمعرات 31 مارچ 2016 19:12

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مارچ۔2016ء) رکن قومی اسمبلی چوہدری ندیم عباس ربیرہ نے کہا ہے کہ سانحہ گلشن اقبال پارک پر جتنابھی افسوس کیا جائے کم ہے ‘دہشت گرد بزدلانہ کاروائیوں پر اتر آئے ہیں حکومت،فوج اور عوام پختہ عزم کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمہ ے لئے متحد ہیں اور ہم دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ہر ممکنہ اقدام کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ گلشن اقبال پارک میں شہید ہونے والے چک بگیانہ بی بی پور کے رہائشی مرحوم محمد وسیم کے والد محمد سلیم کو پنجاب حکومت کی جانب سے 10لاکھ روپے کا امدادی چیک دیتے ہوئے کیا اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری طاہر امین اور اہل دیہہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔چوہدری ندیم عباس ربیرہ اور اسسٹنٹ کمشنر چوہدری طاہر امین نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ہماری اتحاد و یگانگت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ہم نے اپنی صفوں میں اتحاد بر قرار رکھتے ہوئے ان سماج دشمن عناصر کو یہ پیغام دینا ہے کہ وطن عزیز میں انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں اور ان معصوم پاکستانیوں کے خلاف دہشت گردی کرنے والے اب بچ نہ سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم اس سانحہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہے۔