وراثت میں خواتین کا حصہ یقینی بنانے کیلئے قانون سازی کی گئی ‘ملازمتوں میں خواتین کا کو ٹہ بڑھایا گیا ‘ دین حق نے عورتوں کو جن خصوصی حقوق سے نوازادنیا کے کسی اور معاشرے میں اس کی مثال نہیں ملتی،دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا

گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی خواتین کے10 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت

جمعرات 31 مارچ 2016 19:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مارچ۔2016ء) گو رنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ دین حق نے عورتوں کو جن خصوصی حقوق سے نوازادنیا کے کسی اور معاشرے میں اس کی مثال نہیں ملتی،پاکستانی خواتین باصلاحیت ،تعلیم یافتہ اور محنتی ہیں اور انہوں نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوایا ہے اور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر صوبائی اسمبلی رخسانہ کوکب کی سربراہی میں خواتین کے دس رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا ،جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہورمیں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں نگہت اظہار، تحمینہ شیر درانی ، صفیہ اسحاق ، سمیرا عابد ، ثنا فرحان، بی بی وڈیری ،روزینہ عتیق اور نجمہ بلال رانانے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے اور ان کو با اختیار بنائے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وراثت میں خواتین کا حصہ یقینی بنانے کے لئے قانون سازی کی گئی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملازمتوں میں خواتین کا کو ٹہ بڑھایا گیا ہے اور ان کی معاشی خود مختاری کو یقینی بنانے کے لئے غربت اور بیوہ خواتین میں مویشی تقسیم کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی مناسب نمائندگی کا قانون خوشحال ،صحت مند اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کی جانب سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کی ترقی کے مشن کی تکمیل کے لئے دن رات کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشتگردی ،توانائی بحران،غربت اور بے روز گاری کے مسائل سے نجات دلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لا نے اور ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے کے لیے کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں صوبہ خوشحالی اور ترقی کی منزل کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنے انتخابی منشور کے تمام نکات کو عملی جامہ پہنا رہی ہے، جمہوریت کے دوام اور جمہور کے حقوق کے احترام کو موجودہ حکومت کی ترجیحات خاص میں اہمیت حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف عوامی مسائل کو خوب سمجھتے ہیں اور انہوں نے اپنی سیاست کا محور و مرکز عوامی خدمت کو بنا رکھا ہے ، ان کی تمام تر توجہ عوام کی فلاح و بہبود پر مرکوز ہے۔