جنوبی پنجاب میں کالعدم تنظیموں اور سہولت کاروں کیخلاف گھیراتنگ ،پولیس اور حساس اداروں کے جاری سرچ آپریشن میں دوایرانیوں سمیت 55مشتبہ افراد گرفتار

جمعرات 31 مارچ 2016 18:57

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مارچ۔2016ء) سکیورٹی اداروں نے جنوبی پنجاب بھر میں کالعدم تنظیموں ،دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا مزیدتنگ کردیا۔سانحہ لاہور کے بعد چوتھے روز بھی ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری رہا۔حساس اداروں اور پولیس نے ملتان اور جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے دو ایرانیوں سمیت 55مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ گلشن اقبال لاہور کے بعد ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھرمیں کالعدم تنظیموں،دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرا مزیدتنگ کردیا ہے۔پولیس،سی ٹی ڈی اور دیگر حساس اداروں نے جمعرات کو بھی شہر،شہرسرچ آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب میں جاری سرچ آپریشن کے دوران ملتان سے مزید10،وہاڑی سے 39،مظفرگڑھ سے 2مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

دوسری طرف ملتان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب مدرسے پر چھاپہ مار کر دو ایرانیوں سمیت چار افراد کو گرفتار کر کے تفتیش کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پکڑے گئے ایرانی باشندوں کی شناخت عبد الواحد اور ولی محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ان کا تعلق ایرانی پورٹ چاربہارکے علاقے سے بتایا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے وہاڑی کے گردونواح میں بھی کارروائی کی گئی۔ سی ٹی ڈی اور پولیس کے اس مشترکہ سرچ آپریشن میں 39 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :