حسن ابدال میں سکھ برادری کے شمشان گھاٹ کے لیے زمین فراہم کر دی گئی ، صدیق الفاروق نے افتتاح کیا

موجودہ حکومت اقلیتوں کے تحفظ اور انکے حقوق دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ‘ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی گفتگو

جمعرات 31 مارچ 2016 17:33

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء)چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاورق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اقلیتوں کے تحفظ اور انکے حقوق دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ،حسن ابدال میں سکھ برادری کے شمشان گھاٹ کے لیے زمین فراہم کر دی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے شمشان گھاٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں انہوں نے مزید بتایا کہ یہاں پر شمشان گھاٹ کی تعمیر جلد شروع کر دی جائے گی یہ سکھ برادری کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے پورا کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے جبکہ کہ اس سے قبل لاہور میں ہندؤں کے شمشان گھاٹ کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کر دی گئیں ہیں ،انہوں نے بتایا کہ پشاور میں گورو دوارہ بھائی بیبا سنگھ 68برس قبل بند کیا گیا گوردوارہ بھائی بیبا سنگھ کو ٹرسٹ بورڈ کی جانب سے مرمتی کام اورتنزئین و آرائش کے بعد اس تاریخی گورو دوارہ کو مقامی سکھوں کے حوالے کر کے سکھ قوم کا سالوں سے التواء کا شکار دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان تاریخی اقدامات پر مقامی سکھ رہنماؤں نے چیئرمین بورڈ کے طرف سے شمشان گھاٹ کے لیے اراضی کی فراہمی اور سکھوں کے لیے دیگر بہترین اقدامات پر انکا شکریہ ادا کیا ،سابقہ پردھان سرداربشن سنگھ نے کہا کہ چیئرمین بورڈ کے سکھ قوم کی فلاح و بہبود کیلئے کیے گئے اقدامات قابل تعریف ہیں اور ہم شمشان گھاٹ کیلئے اراضی کی فراہمی پر انکے بے حد شکر گزار ہیں۔

وزیر اعلی خیبر پختون خواہ کے مشیر برائے اقلیتی امور ڈاکٹر سورن سنگھ نے کہا کہ گورو دوارہ بھائی بیبا سنگھ کی تزئین و آرائش اور دیگر ترقیاتی کاموں سمیت اسکی بحالی پر ہم چیئرمین بورڈ کو سلام پیش کرتے ہیں انہوں نے سکھ قوم کیلئے بہت خدمات سر انجام دی ہیں جو قابل تعریف ہیں۔ اس موقع پر بور ڈ افسران اور سکھ رہنما ء انکے ہمراہ تھے۔