چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس اعجاز الا حسن کا لاہور ہائیکورٹ بار کا دورہ

جمعرات 31 مارچ 2016 16:50

لاہور۔31 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 مارچ۔2016ء ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس اعجاز الا حسن نے لاہور ہائیکورٹ کے مستقل ہونے والے چارججوں کے ہمراہ لاہور ہائیکورٹ بار کا دورہ کیا اور بار کی جانب سے مستقل ہونے والے چار ججز جسٹس شمس محمود مرزا ، جسٹس سید شہباز علی رضوی ، جسٹس شاہد جمیل خان ، جسٹس فیصل زمان خان کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی۔

انکے ہمراہ لاہور ہائیکورٹ کے سینئرجج جسٹس سید منصور علی شاہ اور لاہور ہائیکورٹ پر نسپل سیٹ پر کام کرنے والے دیگر تمام ججز بھی تقریب میں موجود تھے ۔ بار آمد پر لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر رانا ضیاء عبد الرحمن اور دیگر عہدے داروں نے انکا پر تپاک استقبال کیا اور نہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اعجاز الا حسن اور دیگر ججز وکلاء سے گھل مل گئے اورانکے ساتھ چائے پی ۔

بار کے صدر رانا ضیاء عبد الرحمن نے چیف جسٹس اور دیگر ججز کو بار کے نئے تعمیر شدہ بلاکس کا دورہ کرایا۔اس موقع پر چیف جسٹس اعجاز الا حسن نے بار کے عہدے داروں اور سینئر وکلاء سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ چیف جسٹس اعجاز الا حسن نے کہا کہ انصاف کی فراہمی اور حصول انصاف کیلئے بار اور بینچ لازم و ملزوم ہیں، دونوں کا کام اپنی اپنی جگہ اہم ہے،اس موقع پر بار کے عہدیداروں اور سینئر وکلاء نے لاہور ہائیکورٹ کے مستقل ہونے والے چار ججز کو مبارکباد دی ۔