معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور فروغ تعلیم میں نجی تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کررہے ہیں‘ راجہ اشفاق سرور

جمعرات 31 مارچ 2016 14:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ نوجوانوں خاص طور پر طالبات کو اعلیٰ و معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی، ان کی حوصلہ افزائی اور فروغ تعلیم کے لیے جاری کوششوں میں حکومت پنجاب کے ساتھ بھرپور تعاون کے حوالے سے نجی تعلیمی ادارے انتہائی مثبت اور اہم کردار ادا کررہے ہیں، طالبات تعلیمی کیئریر میں اعلیٰ و پیشہ وارانہ تعلیم کے حصول کے بعدگھروں میں بیٹھنے کی بجائے تمام شعبہ ہائے زندگی میں ملک و قوم کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔

انہوں نے یہ بات ایک نجی تعلیمی ادارے (پنجاب گروپ آف کالجز)کے زیر انتظام مختلف کیمپسز میں زیر تعلیم پوزیشن ہولڈرز طالبات کی تقریب تقسیم انعامات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

گروپ پرنسپل پروفیسر آغا طاہر اعجاز، پرنسپل حامد مسعود، چیئرپرسن لٹریری سوسائٹی پروفیسر حلیمہ سعدیہ، پروفیسر دیبہ الطاف، فیکلٹی ممبران، اساتذہ، پوزیشن ہولڈرز اور طالبات نے کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔

وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے پوزیشن ہولڈرطالبات میں گولڈ میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کئے۔ طالبہ بسمہ نعیم کو بی کام میں پنجاب بھر میں اول پوزیشن لینے پر گولڈ میڈل اور گاڑی انعام میں دی گئی جبکہ ایف ایس سی میں اول پوزیشن لینے پر رمشہ ضیاء کو ایک لاکھ روپے نقد انعام اور گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ گولڈ میڈل و نقد انعامات حاصل کرنے والی دیگر طالبات میں ماہ رخ گل، انیقہ امتیاز ، عائشہ خرم، سکینہ یاور علی، انعم اشفاق، نمل ناصر اور حراصلاح الدین شامل ہیں۔

وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے اعلیٰ پوزیشنزحاصل کرنے والی طالبات ، ان کے والدین، کالج ، پرنسپلز اور اساتذہ کو بھرپور مبارکباد پیش کی۔ راجہ اشفاق سرور نے طالبات کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اکنامک کوریڈور منصوبے سے پاکستان اقتصادی، معاشی و تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا اور نوجوانوں خاص طور پر خواتین کو تعمیر و ترقی پر مبنی اس شاندار موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بعد عملی زندگی خصوصا میڈیکل ،انجینئرنگ ،آئی ٹی و دیگر شعبوں میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ تقریب کے آخر میں کالج کی طرف سے وزیرمحنت راجہ اشفاق سرور کو سونیئر پیش کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :