ایٹمی ہتھیاروں سے مسلح پاکستان بہت اہم مسئلہ ہے ‘ڈونلڈ ٹرمپ

پاکستان کو اپنے حالات پر قابو پانا ہو گا ‘ صدارتی امیدوار

جمعرات 31 مارچ 2016 14:52

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) امریکا میں ری پبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کی دوڑ میں پیش پیش ارب پتی ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں سے مسلح پاکستان بہت اہم مسئلہ ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان ایک بہت اہم مسئلہ ہے اور ہمارے لیے واقعی بہت اہم ملک ہے کیونکہ اس کے پاس جوہری ہتھیار ہیں، پاکستان کو اپنے حالات پر قابو پانا ہو گا۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایسٹر کے موقع پر لاہور کے پارک میں خودکش دھماکے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک پارک میں جہاں زیادہ تر عیسائی تھے دھماکا کیا جاتا ہے، اگرچہ ہلاک ہونے والوں میں عیسائیوں سے زیادہ دوسرے لوگ تھے لیکن یہ ایک خوفناک داستان ہے۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وہ بنیاد پرست اسلامی دہشت گردی کی بات کر رہے ہیں اور وہ کسی بھی دوسرے صدارتی امیدوار کی نسبت اس مسئلے کو بہتر انداز میں حل کریں گے۔