مقابلے میں مارے جانیوالے دہشتگردوں کا سانحہ گلشن اقبال سے تعلق نہیں ،دہشتگردی کے دیگر واقعات میں ملوث تھے ‘ آئی جی پنجاب

جمعرات 31 مارچ 2016 14:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ لاہور میں مقابلے میں مارے جانیوالے دہشت گردوں کا سانحہ گلشن اقبال سے تعلق نہیں تاہم وہ دہشت گردی کے دیگر واقعات میں ملوث تھے ، پولیس یا سی ٹی ڈی نے یوسف کو کبھی بھی دہشت گرد قرار نہیں دیا ، ابتدائی شواہد سے یہ غلطی فہمی پیدا ہوئی کہ شاید وہ سانحے میں ملوث ہے ۔

دہشتگردی کے خلاف تمام ادارے مل کرکام کررہے ہیں ،سانحہ گلشن اقبال پارک کے ملزمان کوقانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔گزشتہ روز لاہور میں خواتین پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، پولیس یا سی ٹی ڈی نے یوسف کو کبھی بھی دہشت گرد قرار نہیں دیا۔

(جاری ہے)

دھماکے کے فوری بعد ملنے والے شواہد پرشبہ ظاہرکیا جاسکتا ہے اور ابتدائی شواہد سے یہ غلط فہمی پیدا ہوئی کہ شاید وہ سانحے میں ملوث تھا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی جان ومال کاتحفظ یقینی بنائیں گے اور سانحہ گلشن اقبال پارک کے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ مشکوک افراد کیخلاف کریک ڈاؤن میں تمام سکیورٹی ادارے مل کرکام کررہے ہیں۔

دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلا ف سخت آپریشن کیا جائیگا۔ایک سوال کے جواب میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ گزشتہ روز لاہور میں مقابلے کے دوران مارے گئے دہشت گردوں کا سانحہ گلشن اقبال سے تعلق نہیں تاہم وہ دہشت گردی کے دیگر واقعات میں ملوث تھے۔اس سے قبل پاسنگ آؤٹ پرید سے خطاب کے دوران مشتاق سکھیرا نے کہا کہ ہر ملک اور معاشرے کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے اور امید ہے خواتین اہلکار فرائض ایمان داری سے ادا کریں گی۔