بھارت کل بھوشن کو اپنا ایجنٹ تسلیم کرے یا نہ کرے وہ خود تسلیم کرچکا ہے، پاکستان

را ایجنٹ کی گرفتاری بارے پی فائیو ممالک ،یورپی یونین کے سفیروں کو آگاہ کردیا ،عالمی برادری پاکستان میں بھارتی مداخلت کا نوٹس لے

جمعرات 31 مارچ 2016 14:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کلبھوشن کو اپنا ایجنٹ تسلیم کرے یا نہ کرے وہ خود تسلیم کرچکا ہے، را کے ایجنٹ کی گرفتاری کے حوالے سے پی فائیو ممالک اور یورپی یونین کے سفیروں کو آگاہ کردیا ہے، عالمی برادری پاکستان میں بھارتی مداخلت کا نوٹس لے، قوم دہشت گردی کیخلاف حکومت کے پیچھے کھڑی ہے، ایران نے اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے کا یقین دلایا ہے۔

خارجہ سیکرٹریوں کی ملاقات کیلئے پاکستان اور بھارت رابطے میں ہیں۔ جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ محمد نفیس ذکریا نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے حاضر سروس افسر کی گرفتاری نہایت اہم پیشرفت ہے، پاکستان دنیا کی توجہ بھارتی سرکاری اداروں کی تخریب کاریوں کی طرف دلانا چاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ را کے ایجنٹ کل بھوشن یادو نے رضاکارانہ طور پر اپنا بیان ریکارڈ کرایا، پاکستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ عالمی برادری کیساتھ اٹھایا جائیگا۔

(جاری ہے)

کل بھوشن کی گرفتاری کے بعد مزید ثبوت اکٹھے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کل بھوشن کو اپنا ایجنٹ تسلیم کرے یا نہ کرے لیکن وہ خود یہ بات تسلیم کرچکا ہے، عالمی برادری نے را کے ایجنٹ کا اقبالی بیان بھی دیکھا ہے، پاکستان گزشتہ سال را کی پاکستان میں سرگرمیوں کے ثبوت اقوام متحدہ کو دے چکا ہے۔ را افسر کی گرفتاری کے حوالے سے پی فائل ممالک اور یورپی یونین کے سفیروں کو آگاہ کیا ہے، عالمی برادری پاکستان میں بھارتی مداخلت کا نوٹس لے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ لاہور میں دہشتگردی کا واقعہ قابل مذمت ہے، دہشت گردو ں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اس واقعہ میں پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے جن میں زیادہ تعداد مسلمانوں کی تھی، انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کیخلاف حکومت کے پیچھے کھڑی ہے، دہشت گرد پسپا ہو رہے ہیں اور وہ قوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان را کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کے حوالے سے ایران سے رابطے میں ہے ، ایرانی حکام نے اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کی ملاقات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک اس معاملے پر رابطے میں ہیں،ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ را کے گرفتار افسر نے پاکستان میں دہشت گردی کا اعتراف کیا ہے، را افسر کی گرفتاری پر بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا، انہوں نے کہا کہ گرفتار ایجنٹ کے حوالے سے قونصلر رسائی کیلئے درخواست موصول ہوئی ہے جس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔