ارجن کپور نے ”ریڈیو جوکی “کے چہرے پر تھپڑ رسید کر دیا

جمعرات 31 مارچ 2016 13:59

ارجن کپور نے ”ریڈیو جوکی “کے چہرے پر تھپڑ رسید کر دیا

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مارچ۔2016ء)بولی وڈ اداکار ارجن کپور اپنی آنے والی فلم ’کی اینڈ کا‘ کی تشہیر کے لیے ہندوستان کے نشریاتی ادارے ‘ریڈیو مرچی’ پہنچے جہاں انہوں نے ایک ریڈیو جوکی کا سوال نہ پسند آنے پر اسے تھپڑ مار دیا اور کیمرا بھی توڑ دیا۔ارجن کپور اپنی آنے والی فلم ’کی اینڈ کا‘ میں ایک گھریلو شوہر کا کردار ادا کر رہے ہیں جو اپنی بیوی کے لیے کھانا بنانے کے ساتھ گھر کے سارے کام کرتے نظر آئیں گے۔

ارپت نامی ریڈیو جوکی نے ارجن سے سوال کیا کہ کیا آج کل کرداروں کی کمی ہوگئی ہے جو وہ لڑکیوں جیسے کردار ادا کرنے جارہے ہیں؟اس سوال پر ارجن کپور برہم ہوگئے جس کے بعد انہوں نے ریڈیو جوکی کو تھپڑ مارنے کے بعد کیمرا بھی توڑ دیا۔

(جاری ہے)

ریڈیو مرچی نے اس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی جس کے بعد متعدد لوگوں نے ارجن کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

تاہم اصل کہانی کچھ اور ہی تھی، ریڈیو مرچی نے اس کے بعد ایک اور ویڈیو جاری کی جس میں مکمل کہانی سامنے آئی۔دراصل یہ ارجن کپور اور آر جے ارپت کا مداحوں کو بیوقوف بنانے کا منصوبہ تھا جس میں وہ یقیناً کامیاب ہوگئے۔ارجن کپور کی فلم ’کی اینڈ کا‘ میں ان کے ہمراہ کرینہ کپور اہم کردار کرتی نظر آئیں گی۔آر بالکی کی ہدایت میں بننے والی فلم یکم اپریل سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی