پاک فوج کی آرمی چیف اور ملک ریاض کے تعلقات بارے میڈیا رپورٹس کی تردید

آرمی چیف کا ملک ریاض سے کوئی تعلق نہیں ، بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر

جمعرات 31 مارچ 2016 11:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 مارچ۔2016ء ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے معروف بزنس مین ملک ریاض اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے قریبی تعلقات کے حوالے سے برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی خبر کی تردید کردی ۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ آرمی چیف کا ملک ریاض سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ اس حوالے سے لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ رائٹرز نے گزشتہ روز ملک ریاض کا ایک انٹرویو جاری کیا تھا جس میں ملک ریاض کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ ان کے آرمی چیف کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ تاہم اس خبر کے ایک روز بعد رائٹرز نے ایک ایڈوائزی کے ذریعے اس خبر کو واپس لے لیا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ آرمی چیف اور ملک ریاض کے قریبی تعلقات کی بات درست نہیں ہے۔فوج کے ترجمان نے اپنی ٹوئٹ میں اس بات کا بھی ذکر کیا ہے کہ رائٹرز بھی اپنی اس خبر کو غلطی کی بنیاد پر واپس لے چکا ہے۔