وفاقی حکومت اور دھرنا رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کامیاب، مظاہرین نے دھرنا ختم کر دیا

جمعرات 31 مارچ 2016 10:52

اسلام آباد ۔ 30 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 مارچ۔2016ء) وفاقی دارالحکومت کے ڈی چوک میں چار روز سے جاری دھرنے کے خاتمے کیلئے وفاقی حکومت اور دھرنا رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں اور مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم کی کوششوں سے مذاکرات کامیاب رہے جس کے بعد احتجاجی مظاہرین نے دھرنا ختم کر دیا۔

(جاری ہے)

حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج کرنے والے مذہبی رہنماؤں نے اسلام آباد کے ڈی چوک میں چار روز سے جاری دھرنا پرامن طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد مظاہرین وہاں سے روانہ ہو گئے۔ کابینہ کے جن اراکین نے مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات کئے ان میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات جبکہ دھرنا قائدین کے وفد میں حامد رضا قادری، ثروت اعجاز قادری، آصف جلالی اور افضل قادری شامل تھے۔ اس موقع پر ثالثی کا کردار اویس شاہ نورانی اور حاجی رفیق پردیسی نے ادا کیا۔ دھرنا کے اختتام کے ساتھ ہی جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل فون سروس بھی بحال کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :