Live Updates

وزیراعلیٰ شہباز شریف سے ممبربرطانوی پارلیمنٹ یاسمین قریشی کی ملاقات،سانحہ گلشن اقبال پارک کی مذمت

قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار،جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی قائداعظمؒ کے پاکستان میں آگ اور خون کا کھیل روکنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے،شہباز شریف

بدھ 30 مارچ 2016 22:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے بدھ کو یہاں ممبر برطانوی پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے ملاقات کی -ممبر برطانوی پارلیمنٹ نے سانحہ گلشن اقبال پارک کی مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور اس دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک سفاک درندوں کی بزدلانہ کارروائی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی قوم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کا پختہ عزم کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائدؒ کے پاکستان میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں۔ ملک کو امن اور تحمل و برداشت کا گہوارہ بنانا ہمارا مشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک نے قوم کو ایک بار پھر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے یکجا کر دیا ہے۔ قائداعظمؒ کے پاکستان میں آگ اور خون کا کھیل روکنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ ممبر برطانوی پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت اورعوام کے ساتھ ہیں اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات