سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی،کمشنر

بدھ 30 مارچ 2016 22:35

فیصل آباد۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مارچ۔2016ء )ڈویژنل کمشنر کیپٹن(ر)نسیم نواز نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور ہسپتالوں میں ادویات کے ریکارڈ کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے گا۔اس ضمن میں اگر کوئی دوائی اندراج کے بغیر یا اندراج شدہ دوائی سٹورروم میں نہ پائی گئی تو سخت کارروائی ہوگی۔

انہوں نے یہ ہدایت گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کے اچانک معائنہ کے دوران ادویات کے سٹور،ایمرجنسی ودیگر وارڈز کا دورہ کرتے ہوئے جاری کی۔اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مہر شفقت اﷲ مشتاق بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ حکومت مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے لہذاان کے ثمرات بھی ہر مریض تک پہنچنے چاہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ مریض ہسپتال کی کارکردگی سے مطمئن ہونے چاہیں۔کمشنر نے ہسپتال میں اعلیٰ نظم ونسق اورصفائی کے معیار کا تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ہسپتال میں جاری بعض ترقیاتی کاموں کو بھی چیک کیا اور کہا کہ زیر تعمیرکام مقررہ مدت میں مکمل ہونا چاہیے اس ضمن میں ٹھیکیدار کو متحرک کرکے روزانہ کی پراگریس کا جائزہ لیں اور شفافیت کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھاجائے ۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ہسپتال کی کارکردگی اورادویات کے ریکارڈ سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔