پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا ، شازیہ مری

دہشت گردانہ ذہن رکھنے والوں نے بے نظیر بھٹو کی جان لی انکا مقصد پاکستان کو محفوظ اور روشن خیال بنانا تھا اب ان کے مشن کو بلاول بھٹو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں ،صحافیوں سے بات چیت

بدھ 30 مارچ 2016 21:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 مارچ۔2016ء) پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ جاری رکھے گا ۔دہشت گردانہ ذہن رکھنے والوں نے بے نظیر بھٹو کی جان لی جن کا مقصد پاکستان کو محفوظ اور روشن خیال بنانا تھا اب ان کے مشن کو بلاول بھٹو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں ۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے بدھ کے روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ضلع سانگھڑ کے سابق رہنماؤں نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا ۔شازیہ مری نے کہا کہ ملک دہشت گردی کا شکار ہے اور پاکستان نے خود کو مستحکم رکھنے کے لئے بھاری قیمت ادا کی ہے آج ڈکٹیٹر ضیاء الحق کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں کلاشنکوف اور ڈرگ کلچر پیدا ہوا جس نے معاشرے کو تقسیم کیا اور انتہا پسندی کو فروغ دیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے علی اکبر اور بابر ہنگریجو کو پیپلز پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متحد ہے اس سے قبل ضلع سانگھڑ میں بات چیت کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے جس کا مقصد عوام کی خدمت کرنا تھا ۔شازیہ مری نے مزید کہا کہ جو لوگ پاکستان پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں وہ یاد رکھیں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی فلاسفی آج بھی عوام کے دلوں اور ذہنوں میں زندہ ہیں اور انہیں کی دی ہوئی آئیڈیا لوجی کی وجہ سے آج لوگ انتہا پسند ی کے خلاف ہیں۔