دوقومی نظریہ پر یہ ملک بنا اور اسی بنیاد پر قائم رہے گا ، پاکستانی قوم میں تعصبات کو ہوا دیکر انہیں لسانیت، قومیت اور فرقہ واریت کی بنیاد پر لڑانے کی سازشیں کی جارہی ہیں ،ہمیں ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا اور دشمن کی ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے

جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام نظریہ پاکستان کانفرنس سے مقررین کا خطاب

بدھ 30 مارچ 2016 21:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء) جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دوقومی نظریہ پر یہ ملک بنا اور اسی بنیاد پر قائم رہے گا ، پاکستانی قوم میں تعصبات کو ہوا دیکر انہیں لسانیت، قومیت اور فرقہ واریت کی بنیاد پر لڑانے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ ہمیں ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا اور دشمن کی ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے ، بھارت نے شروع دن سے ہی پاکستان کے قیام کو تسلیم نہیں کیا اور مسلسل اسے توڑنے کے لیے سازشیں کر رہا ہے ۔

بنی گالہ اور دیگر مقامات پر منعقدہ کانفرنس میں جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما طیب بھٹوی ، مسؤل اسلام آباد شفیق الرحمن اور محمد خورشید نے خطاب کیا طیب بھٹوی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بیرونی قوتوں کی مداخلت ختم کرنا بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

سیاسی قیادت مصلحت پسندی چھوڑ کر جرأت کا مظاہرہ کرے اور اس حوالہ سے کسی قسم کے دباؤ کا شکار نہ ہو۔

بین الاقوامی سطح پر بھارتی دہشت گردی بے نقاب کرنے کیلئے حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ہندوستانی خفیہ ایجنسی را کے حاضر سروس افسر کی گرفتاری کے بعد یہ باتیں کھل کر واضح ہو گئی ہیں کہ انڈیا پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ناکام بنانے اور بلوچستان، سندھ و دیگر صوبوں میں دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ اور فرقہ وارانہ قتل و غارت گری پروان چڑھانے کیلئے بے پناہ وسائل خرچ کر رہا ہے۔

افغانستان میں ہندوستانی قونصل خانے دہشت گردوں کی آماجگاہیں بن چکے ہیں جہاں سے وہ اپنے ایجنٹوں کو تربیت دیکر پاکستان داخل کر رہا ہے اور مختلف شہروں میں دھماکے اور قتل و غارت کو ہوا دی جارہی ہے۔صلیبی و یہودی افغانستان میں شکست کیلئے انڈیا کو پاکستان کیخلاف استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ غیر ملکی قوتیں پاکستان کو ایک غیر محفوظ ملک کے طور پر پیش کر رہی ہیں۔

دریں اثناء شفیق الرحمن نے کہاکہ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی ملک ہے۔ قیام پاکستان کیلئے لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں لیکن ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت پاکستان کے وجود پرمختلف اطراف سے حملے کئے جارہے ہیں۔ایسی صورت حال میں ملک کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے دینی و سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر قسم کے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر اسلامی نظریاتی ملک کی حفاظت کریں۔

ہم یہ کام کریں گے تو یہ ملک اور اس میں بسنے والے مسلمان اور غیر مسلمان سب محفوظ رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی قوتیں دہشت گردی کے ذریعے پاکستان میں انتشار پھیلاناچاہتی ہیں۔نوجوان نسل کے ذہنوں سے نظریہ پاکستان نکالنے کیلئے ملک میں سیکولرازم پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ نئی نسل کو قیام پاکستان کے مقاصد سے صحیح طور پر آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتیں کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے جانے والے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے کی سازشوں کو متحد ہو کر ناکام بنانے کیلئے کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :