وزیراعلی پنجاب کے حکم پرتمام سرکاری ہسپتالوں کا فارمیسی آڈٹ شروع

صحت کے شعبہ میں اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں،پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر سسٹم میں بہت بہتری آئی ہے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کمشنر افغان مہاجرین کی جانب سے فراہم کردہ طبی آلات میاں منشی ہسپتال کو دینے کی تقریب سے خطاب

بدھ 30 مارچ 2016 21:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء ) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ صحت کے شعبہ میں چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ پروگرام کے تحت کی جانے والی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں،وزیراعلی کی ہدایت پر تمام بنیادی مراکز صحت پر ادویات کی لسٹ کے مطابق تمام ادویات کی 100 فیصد دستیابی یقینی بنا دی گئی ہے اور 75 فیصد مراکز صحت پر ڈاکٹرز کی تعیناتی کردی گئی ہے جبکہ بقایا بنیادی مرکز صحت پر ڈاکٹروں کی تعیناتی کے لئے اقدمات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات یہاں گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال میں کمشنر افغان مہاجرین کی جانب سے ڈیڑھ کروڑ روپے کے طبی آلات ہسپتال انتظامیہ کو حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ایم ایس ڈاکٹر محمد امیر کے علاوہ افغان کمشنر یٹ برائے مہاجرین کے افسران اور ہسپتال کے ڈاکٹرزونرسز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ٹرشری کیئر ہسپتالوں میں مریضوں کا رش کم کرنے کے لئے پرائمری اینڈ سکینڈری سطح کے ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے اور ڈسٹرکٹ وتحصیل ہسپتالوں میں ڈاکٹرز،کنسلٹنٹس کی تعیناتی کے علاوہ ادویات کی فراہمی اور مسنگ سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کا فارمیسی آڈٹ شروع کر دیا گیا ہے اور وزیراعلی محمد شہباز شریف حالات جاننے کے لئے خود بھی سرکاری ہسپتالوں کے دورے کررہے ہیں جبکہ وہ خود (مشیر صحت) اور سیکرٹری صحت کے علاوہ دیگر افسران بھی ہسپتالوں کے دورے کرکے مریضوں کو فراہم کی جارہی سہولیات کی پڑتال کررہے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے چند دن پہلے گلشن اقبال پارک بم دھماکہ سانحہ میں زخمی ہونے والے سینکڑوں مرد،خواتین اور بچوں کو سرکاری ہسپتالوں خصوصا جناح ہسپتال میں جنگی بنیادوں پر طبی سہولیات کی فراہمی پر ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈکس کے جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے سانحہ کے زخمیوں کی بیک وقت کیئر کرنا بہت بڑا چیلنج تھا لیکن لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز نے دن رات ایک کرکے سینکڑوں انسانوں کی جانیں بچائیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اگرچہ سسٹم کو مزید بہتر کرنے کی بہت گنجائش ہیں تاہم اتنے بڑے ڈیزاسٹر کے موقع پر پبلک سیکٹر ہسپتالوں کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے افغان کمشنریٹ کی جانب سے طبی آلات کی فراہمی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں ایم ایس ڈاکٹر محمد امیر نے بتایا کہ گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹراماسنٹر کی تعمیر کا کام شروع ہو گیا ہے جسے جون2016 تک مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں آرتھوپیڈک آپریشن تھیٹر بھی فنکشل ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنر افغان مہاجرین کی جانب سے فراہم کردہ طبی آلات میں الٹراساؤنڈ مشین ،آٹو میٹک کیمسٹری اینالائزر،الیکٹرو لائٹ اینالائزرمشین اور امراض چشم کے آلات شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :