”را“ کے جاسوس کلبھوشن دیو کا اعترافی بیان بھارت کے خلاف ایف آئی آر ہے،سینیٹر سعیدالحسن مندوخیل

بدھ 30 مارچ 2016 21:16

اسلام آباد ۔ 30 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 مارچ۔2016ء) مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر سعیدالحسن مندوخیل نے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے جاسوس کی قومی سلامتی کے اداروں کے ہاتھوں گرفتاری کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”را“ کے پور ے نیٹ ورک کو تباہ کرنے کے لئے ادارے اور زیادہ جانفشانی سے ذمہ داریاں پوری کریں۔

سینیٹر سعیدالحسن مندوخیل نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے اور بالخصوص پاکستان کے دل بلوچستان میں افراتفری، گڑبڑ، انتشارکے پیچھے بھارت کا ہاتھ ثابت ہوگیا۔ کلبھوشن دیو کا اعترافی بیان بھارت کے خلاف ایف آئی آر ہے۔ افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں نے پاکستان دشمن کو گرفتار کرکے بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

قومی سلامتی کے اداروں اور افواجِ پاکستان کی طرف سے ملک دشمنوں کے خلاف جاری کارروائیوں سے پاکستان مکمل محفوظ ہوگا۔ وفاقی حکومت بھارتی ایجنٹ کی گرفتاری اور اعترافی بیان کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر اٹھا کر بھارتی مداخلت کے خلاف آواز بلند کرے۔ سینیٹر سعیدالحسن مندوخیل نے مطالبہ کیا کہ وفاق بلوچستان میں بڑے میگا پراجیکٹ شروع کرے تاکہ بیروزگاری ختم ہو اور نوجوان دوسروں کے آلہ کار نہ بنیں۔

متعلقہ عنوان :