جنوبی ایشیا کے ممالک میں نظام کی معاشرتی اورسماجی صورتحال اوراقتصادی حقائق میں بے پناہ مماثلت ہے ، خطے کے ماہرین کو عوام کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا

وزیرمملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کا جنوبی ایشیائی ممالک کی ماں اور بچے کی صحت پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب

بدھ 30 مارچ 2016 19:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء) وزیرمملکت قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ ماں اور بچے کی صحت کانفرنس میں جنوبی ایشیا کے بہترین ماہرین صحت اور عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے مل کر جنوبی ایشیا میں ماں اور بچے کی صحت کو درپیش چینلنج پر تفصیلی جائزہ لیا اور اس سلسلے میں باہمی اشتراک اور مشترکہ کاوشوں کیلئے لائحہ عمل تیارکیا ،جنوبی ایشیا کے ممالک میں نظام کی معاشرتی اورسماجی صورتحال اوراقتصادی حقائق میں بے پناہ مماثلت ہے ۔

اس لئے خطے کے ماہرین کو عوام کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا ۔ وہ بدھ کو ساؤتھ ایشیا ممالک کی ماں اور بچے کی صحت پر ہونے والی کانفرنس کی صدارت کررہی تھیں۔انہوں نے کہاکہ یہ بات اطمینان بخش ہے کہ دوروزہ اجلاس کے نتیجے میں جنوبی ایشیا کے ممالک کا ماں اور بچے کی صحت کے حوالے سے ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا جو اشتراک اورمشاورت کے عمل کو آگے بڑھائے گا او رجنوبی ایشیا کے ممالک کے لئے ماں اور بچے کی صحت پرایک علاقائی ویژن کی تشکیل کرے گا ۔

(جاری ہے)

دور روزہ اجلاس کی دیگر سفارشات میں تحقیق کے شعبے میں تعاون اور ہیلتھ پالیسی میں جنوبی ایشیا کے ممالک میں اشتراک پر خصوصی توجہ دے گا ۔ وزیر قومی صحت نے یقین دلایا کی اُن کی وزارت اس بین الاقوامی اجلاس کی سفارشات پر من وعن درآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔