ملک میں جمہوریت کوکوئی خطرہ نہیں ہے،قیام امن کیلئے آپریشن کی مخالفت نہیں کررہے ،جنوبی پنجاب آپریشن میں دینی مدارس کو ٹارگٹ اور بے گناہوں کوگرفتار کیا جارہا ہے

جمعیت علماء اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 30 مارچ 2016 19:48

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 مارچ۔2016ء) جمعیت علماء اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کوکوئی خطرہ نہیں ہے ۔ جنوبی پنجاب میں ہونے والے آپریشن میں بے گناہوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔امن چاہتے ہیں اس لیے آپریشن مخالفت نہیں کررہے۔ملک میں جبراور ناانصافی کا نظام نہیں ہونا چاہیے۔وہ بدھ کو ملتان آمد پر مدرسہ قاسم العلوم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں حکومت کی جانب سے ہونے والے آپریشن میں انصاف نظرنہیں آ رہا۔

آپریشن میں دینی مدارس کوٹارگٹ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ہم جنوبی پنجاب میں ہونے والے آپریشن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ ہم آپریشن کے مخالف ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں قیام امن کیلئے ہم آپریشن کی مخالفت نہیں کررہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے جنوبی پنجاب میں آپریشن کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ یہاں آپریشن پہلے سے جاری ہے۔جنوبی پنجاب آپریشن میں بے گناہوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے میں اس حوالے سے وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کر کے اس مسئلے کو اُٹھاؤں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جمہوریت کو اس وقت کوئی خطرہ نہیں ہے،جبراور ناانصافی کا نظام نہیں ہونا چاہیے۔