گورنر پنجاب سے مرکزی جمعیت اہلِ حدیث کے سربراہ سنیٹر پروفیسر ساجد میر کی ملاقات

ملک نازک صورتحال سے گزر رہا ہے ،ہمیں اپنی صفوں میں مکمل اتحادواتفاق کے جذبے کو فروغ دینا ہو گا‘ رفیق رجوانہ

بدھ 30 مارچ 2016 18:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مارچ۔2016ء) گو رنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور اس مقدس ارضِ پاک کو امن و سکون کا گہوارہ بنانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد کے لیے قومی یکجہتی کے فروغ کی ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے، مذہبی قائدین اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے مرکزی جمعیت اہلِ حدیث کے سربراہ سنیٹر پروفیسر ساجد میر سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک پر پوری قوم افسردہ ،ہر دل اشکبار اور آنکھ پر نم ہے ۔انہوں نے کہا ایک آنکھ اشکبار ہو تو دوسری کیسے پُر نم نہیں ہو گی اسی لئے انہوں نے 9اپریل کو اپنے صاحبزادے ڈاکٹر یاسر رفیق رجوانہ کی لاہور میں ہونے والی تقریب ولیمہ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں احتجاجی سیاست کی بجائے قومی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہے ملک جس نازک صورت حال سے گزر رہا ہے اُس میں ہمیں اپنی صفوں میں مکمل اتحادواتفاق کے جذبے کو فروغ دینا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں برداشت اور رواداری کو فروغ دینے کے لیے ملکر کوشش کرنے کی ضرورت ہے اور ایسی سرگرمیوں سے اجتناب کرنا چاہیے جو ملک کے لئے رسوائی اور مشکلات کا باعث ہو۔